کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

راولپنڈی: پی ایس ایل فائیو کے 14 ویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 14ویں میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 183 رنز بنائے۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ منرو صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد اس سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے رضوان حسین بیٹنگ کے لیے آئے  اور 14 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

کولن انگرام صرف 16 رنز ہی بناسکے جس کے بعد کپتان شاداب خان خود بیٹنگ کے لیے آئے اور لیوک رونکی کے ساتھ مل کر زبردست شراکت داری قائم کی۔ دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں، شاداب 31 گیندوں پر 54 رنز اور رونکی 58 پر 87 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ شروع ہوئی، کھلاڑیوں ایلکس ہیلز نے 52, ڈیل پورٹ اور شرجیل خان نے 38، 38 رنز  کپتان عماد وسیم نے 32 رنز اسکور کیے۔

کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کیا اور پانچ وکٹ سے فتح اپنے نام کرلی۔ کراچی کنگز کے کھلاڑی ایلکس ہیلز کو میچ میں جارحانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

حالیہ میچ کے بعد کراچی کنگز کے چار پوائنٹ ہوگئے ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے پانچ پوائنٹ ہیں۔ اب پیر کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں راولپنڈی میں آمنے سامنے ہوں گی۔