‏بین ڈنک کے چھکوں کا ببل گم میں چھپا راز افشاں

‏بین ڈنک کے چھکوں کا ببل گم میں چھپا راز افشاں

‏پی ایس ایل فائیو میں لاہور قلندرز کے بین ڈنک کا ڈنکا خوب بج رہا ہے، وہ ڈنکے کی چوٹ پر ایسے چھکے مار رہے ہیں کہ ہر کوئی ان کا فین ہو گیا ہے۔

اس وقت پی ایس ایل فائیو کے سب سے مقبول کرکٹر یہی ببل بوائے بین ڈنک ہیں، ان کے فلک شگاف چھکوں کا تو کوئی جوڑ نہیں ہے۔بین ڈنک نے ایک ہی اننگز میں زیادہ سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ قائم کرنے کی عادت سی بنا لی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف پہلے میچ میں انہوں نے 8 چھکوں کا ریکارڈ توڑا اور 10 چھکوں کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کیا اور اب کراچی کنگز کے خلاف اپنے ہی ریکارڈ کو 12 چھکوں کے ساتھ بہتر کیا لیکن چھکوں سے بڑھ کر اب بین ڈنک کے ببل گم کے چرچے ہیں۔
‏بین ڈنک نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ببل مشہور ہو گئے ہیں لیکن اس میں کچھ خاص نہیں ہے، میں بس گراؤنڈ کے اندر پر سکون رہنے کی کوشش کرتا ہوں، اسے شاید ویڈیوز میں زیادہ دکھایا جا رہا ہے۔جارح مزاج بلے باز نے کہا کہ ببل گم شاید بری عادت ہے، مجھے اسے روکنا چاہیے لیکن میں صرف پُرسکون رہنے کے لیے ایسا کرتا ہوں تاکہ جو ٹارگٹ ہے اس پر فوکس کر سکوں۔

 

‏بین ڈنک نے 247.50کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ صرف 40 گیندوں پر 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، 12 چھکے اور تین چوکے مارے۔

وہ کہتے ہیں کہ گزشتہ تین ماہ میں ایسا دوسری مرتبہ ہوا ہے کہ سنچری مکمل نہیں کر سکا لیکن اس سے فرق نہیں پڑتا، اس بات کا اطمینان ہے کہ ان کی اننگز سے ٹیم کو فائدہ ہوا اور اسے جیت ملی اور اس جیت سے اعتماد ملا ہے اور اسی مومنٹم کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔بلے باز کا کہنا ہے کہ مجھے ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے جو رول اور بیٹنگ نمبر دیا جاتا ہے میں نے وہی کرنا ہے، میری کوشش ہوتی ہے ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلوں، نمبر کوئی بھی ہو میں بہترین کرنے کی کوشش کرتا ہوں، مجھے اس بات کی خوشی ہوئی ہے کہ مجھے پی ایس ایل میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا معیار بہت اچھا ہے، ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی اس لیگ میں کھیلنا چاہتے ہیں۔
‏کراچی کنگز کے خلاف اہم میچ کے بارے میں بین ڈنک کا کہنا تھا کہ مجھے محسوس ہوا تھا کہ رنز کچھ زیادہ بن گئے ہیں حالانکہ ہم نے اچھی بولنگ کی تھی لیکن اننگز کے آخر میں زیادہ رنز بن گئے اور میچ ہمارے ہاتھ سے نکلنے لگا کیونکہ کراچی کنگز کی بولنگ اچھی تھی۔ان کا کہنا تھا کپتان سہہیل اختر نے بہت اچھی اننگز کھیلی، ان کی اننگز کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، جب میں بیٹنگ کے لیے گیا تو اس وقت رن ریٹ بڑھ رہا تھا تو ایسے میں کچھ مشکل ضرور ہوتی ہے لیکن آپ بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ ٹیم کے کام آئے اور یہی ہوا اور کامیابی ملی۔

بین ڈنک نے کہا کہ اب فوکس اگلے تین میچوں پر ہے، بحثیت ٹیم اسی مومنٹم کو برقرار رکھنا ہے، گزشتہ دو روز میں ٹیم نے ایک گروپ بننے کے لیے بڑی محنت کی، مینجمنٹ اور کھلاڑیوں نے یہی کوشش کی کہ ایک یونٹ بن جائے اور پھر گروپ کی شکل میں سب اچھا کھیلیں۔‏لاہور قلندرز کو لاہور میں کراؤڈ کی جانب سے بڑی سپورٹ مل رہی ہے۔ببل بوائے بین ڈنک جب کریز پر ہوں تو ان کے نام کے نعرے لگ رہے ہوتے ہیں۔بین ڈنک کا کہنا ہے کہ لاہور کا کراؤڈ ہمارے لیے 12 ویں کھلاڑی کی طرح ہے، جب ہم نے کھیل کے مومنٹم کو بڑھانے کی کوشش کی تو اس وقت کراؤڈ کا شور ہر بال پر بڑھ رہا تھا، کراؤڈ کا ہمارے لیے پرجوش ہونا اچھا لگتا ہے۔