چین میں کورونا وائرس سے مزید 8 ہلاک، مجموعی ہلاکتیں 5 ہزار کے قریب پہنچ گئیں

چین میں کورونا وائرس سے مزید 8 ہلاک، مجموعی ہلاکتیں 5 ہزار کے قریب پہنچ گئیں

چین میں کورونا وائرس سے مزید 8 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ دنیا بھر میں خطرناک وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں صرف 8 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 21 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔تازہ ترین اعداد و شمار میں چین کے علاوہ کسی اور ملک میں ہلاکتیں رپورٹ نہیں ہوئی ہیں جب کہ امریکا میں 65 اور کینیڈا میں 16 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔کینیڈین وزیراعظم جسٹسن ٹروڈو کی اہلیہ صوفیہ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جب کہ جسٹن ٹروڈو نے خود کو خود ساختہ قرنطینہ میں رکھا ہوا ہے۔اس کے علاوہ اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1016 اور ایران میں 429 ہو گئی ہے۔

 

سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اولمپکس 2020 منسوخ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
گزشتہ برس دسمبر میں چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے منظر عام پر آنے والے کورونا وائرس نے دنیا کے 127 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس سے اب تک ایک لاکھ 34 ہزار 769 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
چین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 5 کروڑ سے زائد آبادی والے علاقے کو قرنطینہ میں رکھ دیا تھا جس کی وجہ سے انھیں وبا پر قابو پانے میں کافی مدد ملی اور عالمی ادارہ صحت نے بھی وائرس کی روک تھام کے لیے چین کے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا۔

 

چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی دو روز قبل اس بات کا اعلان کیا کہ چین کورونا وائرس کی ہنگامی صورت حال سے باہر آ چکا ہے اور وبا پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے۔
کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان ہے جب کہ سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ ٹوئٹر نے پوری دنیا میں اپنے دفاتر بند کر دیئے ہیں اور ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔