کینیڈ ین خاتون اول کورونا میں مبتلا، وزیراعظم ٹروڈو بھی گھر پر محدود ہوگئے

کینیڈ ین خاتون اول کورونا میں مبتلا، وزیراعظم ٹروڈو بھی گھر پر محدود ہوگئے

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو موذی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں۔

جسٹن ٹروڈو نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ ان کی اہلیہ کورونا وائرس سے متاثر ہوچکی ہیں۔کینیڈین وزیراعظم نے لکھا کہ صوفی کے کووڈ-19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت ثابت ہوئے ہیں جس کے باعث وہ کچھ وقت کے لیے قرنطینہ میں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اہلیہ میں وائرس کی کم علامات ہیں وہ اپنا خیال رکھ رہی ہیں اور ڈاکٹر کی بتائی گئی ہدایات پر عمل کر رہی ہیں۔ کینیڈین وزیراعظم نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ان میں وائرس کی علامات نہیں  پائی گئیں اور وہ بالکل ٹھیک ہیں لیکن وہ بھی ڈاکٹر کی احتیاطی تدابیر  پر عمل کرتے ہوئے ذاتی طور پر محدود رہیں گے۔

 

 

 کینیڈین وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ اپنے تمام فرائض گھر بیٹھے ویڈیو اور فون کے ذریعے انجام دیں گے۔علاوہ ازیں جسٹن ٹروڈو نے بتایا کہ وہ کل پورے کینیڈا کے تمام رہنماؤں سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر  بات چیت کریں گے تاکہ اس کے پھیلاؤ سے کینیڈین شہری اور معیشت محفوظ رہیں۔ خیال رہے کہ کینیڈا میں اب تک 158 کورونا کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ایک شخص ہلاک ہوچکا ہے۔