سعودی عرب: حرمین شریفین کے علاوہ تمام مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر پابندی عائد
سعودی عرب میں حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ) کے علاوہ تمام مساجد میں جمعہ اور پنجگانہ نمازوں پر پابندی عائد کردی گئی۔
عرب نیوز کے مطابق یہ فیصلہ سعودی عرب کی سینئر علماء اتھارٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔علماء اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ نماز کے وقت مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے علاوہ تمام مساجد کے دروازے بند رہیں گے، اس لیے شہری گھروں پر ہی نماز کی ادائیگی کریں۔اعلان کے مطابق سعودی عرب میں نماز جمعہ کی ادائیگی بھی معطل رہے گی اور نماز جمعہ کے بدلے ظہر کی نماز یعنی چار رکعت ادا کی جائے گی۔بیان میں میں کہا گیا ہے کہ مساجد سے صرف اذانیں دی جائیں گی اور مؤذن اذان میں ’آؤ نماز کی طرف‘ کے بجائے ’نماز گھر پر ہی ادا کریں‘ کے الفاظ ادا کریں گے جس کا مطلب جہاں ہیں وہیں نماز ادا کریں بھی لیا جاسکتا ہے۔علماء اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ عارضی اقدام مفاد عامہ اور عوام کی صحت کے تحفظ کی خاطر کیا گیا ہے اور اس کی مذہبی طور پر اجازت ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور ترکی بھی باجماعت نمازوں پر پابندی عائد کرچکے ہیں جب کہ ایران میں نماز جمعہ کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 172 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے باعث پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سعودی اقامہ اور ریزیڈنسی رکھنے والوں کو بھی سعودی عرب چھوڑنے اور واپس آنے کا آپشن دیا گیا ہے، اگر ملک کو ایک بار لاک ڈاؤن کر دیا گیا تو پھر کسی کو بھی جانے یا آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دیگر ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔