چین سے ہزاروں کورونا ٹیسٹنگ کٹس اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
اسلام آباد: چین سے ہزاروں کورونا ٹیسٹنگ کٹس اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی چین کی طرف سے بھجوایا جانے والا امدادی سامان وصول کرنے اور ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے ائیرپورٹ پہنچے۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین نے ایک پھر دنیا کو دکھا دیا کہ چین پاکستان کا دوست ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے چین گیا تھا، آج میں یہاں چین کی طرف سے بھیجے گئے امدادی سامان اور میڈیکل ٹیم کو رسیو کرنے آیا ہوں، ہم امداد سامان، طبی آلات اور میڈیکل ٹیم بھیجنے پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ چین کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے، چین اب تک 12ہزار ٹیسٹ کٹس، 3 لاکھ ماسک اور 10 ہزارحفاظتی سوٹ دے چکا ہے، اس کے علاوہ چینی حکومت نے 40 لاکھ ڈالرکورونا وائرس کےلیے الگ اسپتال بنانے کے لیے بھی دیئے ہیں۔