گراؤنڈ میں ساتھی کرکٹرز کے ساتھ ٹریننگ کر کے غلطی کی' شاہین شاہ آفریدی
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے دور میں انہوں نے گراؤنڈ میں ساتھی کرکٹرز کے ساتھ ٹریننگ کر کے غلطی کی لیکن اب سب ایس او اوپیز پر مکمل عمل کر رہے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی 8 ٹیسٹ، 19 ون ڈے میچز اور 12 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ تینوں فارمیٹ کا مستقل حصہ ہونے کی وجہ سے اب شاہین شاہ آفریدی کو سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی پاکستان سپر لیگ میں مقبول اور متحرک ترین فرنچائز لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے ویڈیو لنک پر میڈیا کے سوالات کے جواب دیے۔
کووڈ 19 کے باعث لگنے والے لاک ڈاؤن کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی گراؤنڈز میں جا کر ٹریننگ کرتے ہو ئے دیکھے گئے تھے ان میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی دیگر ساتھی کھلاڑیوں فخر زمان ، عمران خان سینیئر اور نسیم شاہ کے ہمراہ ٹریننگ کرتے رہے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایکشن لینا پڑا اور انہوں نے کرکٹرز کو احتیاطی ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کے لیے کہا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کافی عرصے سے کرکٹ نہیں ہو رہی تھی ، دو ماہ سے کرکٹ سے دور تھے ایسے لگ رہا تھا کہ بہت عرصہ ہو گیا ہے کرکٹ کو چھوڑے ہوئے، اس لیے کھیلنے کے لیے میدان میں چلے گئے جو کہ غلطی تھی اور بعد میں جو ہمیں پی سی بی نے چیزیں بتائیں ان پر سختی سے عمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب ایک ساتھ ٹریننگ نہیں کر رہے اور ایس او پیز فالو کر رہے ہیں۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ انگلینڈ میں کنڈیشنز ہمیشہ مشکل رہی ہیں، اس مرتبہ بھی مشکل ہوں گی لیکن اب وقت سے پہلے جا رہے ہیں تو ہمیں ردہم میں آنے کا موقع ملے گا۔ بولنگ اسکواڈ مکمل نوجوان اور نا تجربہ کار نہیں ہے ، وہاب یاض ، محمد عباس ، سہیل خان اور عمران خان سینیئر بھی اسکواڈ میں شامل ہیں ، ہمارے بولنگ کوچ بھی تجربہ کار ہیں، ہمارا بولنگ اسکواڈ اچھا پرفارم کرے گا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہاب ریاض تجربہ کار اور سینیئر بولر ہیں وہ پھر ٹیم میں شامل ہوئے ہیں ان کے آنے سے فائدہ ہوگا اور سیکھنے کا موقع ملے گا۔
شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ شروع سے محنت کر رہے ہیں لیکن اتنی جلد تینوں فارمیٹ کا حصہ بن جاؤں گا اس بارے میں نہیں سوچا تھا، مجھے یاد ہے ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں اپنے آخری میچ میں میری بولنگ اچھی رہی تھی۔ اب بھی انگلینڈ جا رہا ہوں تو اب میرا ٹارگٹ یہ ہے کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں اچھا پرفارم کروں، ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی پرفارمنس پر فوکس ہے ، جیسے وسیم اکرم اور وقار یونس نے ٹیسٹ میں ہی اپنی دھاک بٹھائی اور بہت وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین شاہ آفریدی کا بھی جشن منانے کا انداز خاصی شہرت رکھتا ہے، وہ کہتے ہیں کہ اب ہمیں کووڈ 19 کی وجہ سے بننے والے قوانین کو ہر صورت میں فالو کرنا ہے، پی ایس ایل کے دوران ہم نے کراؤڈ کے بغیر میچز کھلیے ہیں، اب کراؤڈ گھر بیٹھ کر کرکٹ انجوائے کرے میں اپنا سیلی بریشن اسٹائل اب بھی اپناؤں گا۔