چاہتا ہوں روہت شرما والا کردار پاکستان ٹیم میں ادا کروں، حیدر علی

چاہتا ہوں روہت شرما والا کردار پاکستان ٹیم میں ادا کروں، حیدر علی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین حیدر علی کا کہنا ہے کہ بھارت کے بیٹسمین روہت شرما ان کے رول ماڈل ہیں، وہ پاکستان ٹیم کیلئے وہی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں جو کردار روہت شرما انڈین ٹیم میں ادا کرتےہیں۔

حیدر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کیلئے طویل عرصے تک کھیلنا خواہش ہے، جب سو شل میڈیا پر ٹیم میں نام آنے کا سنا تو پہلے لگا کہیں فیک نیوز نہ ہو۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حیدر علی کو دورہ انگلینڈ کیلئے اعلان کردہ 29 رکنی اسکوا ڈ میں شامل کیا ہے، 2019 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے حیدر علی کہتے ہیں کہ دورہ انگلینڈ میں وہ کھیل کے مختلف گُر سیکھنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں بابر علی اور اظہر علی جیسے بیٹسمین کا ساتھ ہے جب کہ ساتھ میں مصباح الحق اور یونس خان جیسے لیجنڈز کوچنگ کریں گے جو ان کیلئے سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ خواہش تھی کہ یونس خان سے کچھ سیکھ سکیں اور اس بار یہ خواہش پوری ہورہی ہے، حیدر نے بتایا کہ وہ سابق کپتان سے سوئپ شاٹس سیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

 

 

ایک سوال پر حیدر علی نے کہا کہ انڈیا کے روہت شرما ان کے آئیڈیل ہیں اور وہ ان کی طرح کے جارح مزاج اور کلین ہٹنگ کرنے والے بیٹسمین بننا چاہتے ہیں جو میچ فنش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

 

 

حیدر کا کہنا تھا کہ روہت شرما ففٹی کو سنچری اور سنچری کو ڈبل سنچری میں بدلنے کا ہدف رکھتے ہیں اور ان کی یہ صلاحیت کافی متاثر کن ہے، ان کی خواش ہے کہ وہ بھی ایسا ہی لمبا اسکور کریں۔

اٹک سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ بیٹسمین نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کیلئے طویل عرصے تک کھیلیں، انہوں نے یہ وعدہ بھی کردیا کہ ان کے رویے میں کبھی تبدیلی نہیں آئے گی، جیسے آج ہیں، ویسے ہی پاکستان کی جانب سے کھیلنے کے بعد بھی رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ پوزیشن سے انہیں فرق نہیں پڑتا، وہ اوپر آکر پاور ہٹنگ بھی کرسکتے ہیں اور مڈل آرڈر میں صورتحال کے حساب سے بھی کھیل سکتے ہیں، ڈومیسٹک میں ہر فارمیٹ میں کھیلا ہے اور ذہنی طور پر تیار ہیں کہ تینوں فارمیٹ میں کیسے کھیلنا ہے۔

نوجوان کرکٹر نے کہا کہ ٹیم میں سلیکشن کی پہلی اطلاع والد کو سوشل میڈیا سے ملی تو پہلے لگا کہ کہیں فیک نیوز نہ ہوا پھر تصدیق کیلئے پی سی بی کا پیج دیکھا جس کے بعد یقین آیا اور اس وقت بے حد خوشی تھی۔ ساتھی کرکٹرز میں سے سب سے پہلے شاداب خان نے انہیں میسج کرکے مبارکباد دی۔