عیدالاضحی کے حوالے سے حکومتی ایس او پیز پر من وعن عمل کیا جائیگا،ڈی پی او اٹک
اٹک( ڈیلی اٹک نیوز )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ عید الضحیٰ کے حوالے سے حکومتی ایس او پیز پر من وعن عمل کیا جائے گا۔
اٹک ضلع کے مذہبی طبقات نے ماہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر قابل رشک تعاون کیا،باہمی تعاون کے تسلسل کو قائم رکھنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈی پی او نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے ملک میں پوری دنیا کی طرح غیر معمولی حالات ہیں جس میں ”لیونگ اور لائف“ کی بقا کے لئے حکومت نے جو یکساں ایس او پیز قانون کی شکل میں جاری کئے ہیں ان پر عمل کروانا پولیس کی ذمہ داری ہے جسے اٹک پولیس احسن ترین انداز میں پورا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے غیر معمولی حالات میں اٹک پولیس نے ایک طرف عوام سے ایس او پیز پر عمل کروایا دوسری طرف قانون شکن عناصر کو قانون کی لگام دی جس سے ضلع سے قانون شکنوں کا خاتمہ ہوا اور امن و امان کی صورتحال بہتر سے بہترین ہوئی،ڈی پی او نے کہا کہ جس طرح کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو ماہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر فعال نہیں ہونے دیا گیا انہیں فطرانہ سمیت کسی قسم کے عطیات جمع نہیں کرنے دئیے گئے اسی طرح عید الضحیٰ کے موقع پر بھی کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو کسی طرح بھی فعال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ کی واضح اور دو ٹوک ہدایات کے مطابق کسی کالعدم تنظیم اور فورتھ شیڈول میں شامل شخص کو قربانی کی کھالوں سمیت کسی قسم کے عطیات اور فنڈز اکٹھے نہیں کرنے دئیے جائیں گے جو کوئی ایسا کرے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی،ڈی پی او نے کہا کہ ضلع بھر کے ایس ایچ او ابھی سے کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی لسٹوں کو قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ساتھ مل کر اپ ڈیٹ کریں تاکہ کسی شخص کے ساتھ کسی قسم کی نا انصافی نہ ہو انہوں نے کہا کہ عید الضحیٰ کے حوالے سے جیسے جیسے حکومتی ایس اوپیز جاری ہوتے جائیں گے ان پر عمل در آمد کروایا جاتا رہے گا۔