تعلیمی ادارے حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل کر رہے ہیں،ملک ابرار حسین
بعض تعلیم دشمن عناصر سکولوں کو دوبارہ بند کرانے کی سازش کر رہے ہیں جو کہ تعلیمی نظام کی تباہی کا باعث بن سکتا ہے،صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن
اسلام آباد (صدیق فخر سے/ ڈیلی اٹک نیوز) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین نے کہا ہے کہ بعض تعلیم دشمن عناصر سکولوں کو دوبارہ بند کرانے کی سازش کر رہے ہیں جو کہ تعلیمی نظام کی تباہی کا باعث بن سکتا ہے، تمام تعلیمی ادارے حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل کر رہے ہیں ایسے میں دوبارہ سکول بند کرنے کی بات تعلیم دشمنی اور جہالت کی علامت ہے اور کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش کے کسی بھی عمل کی شدید مخالفت کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایسوسی ایش کے رہنماوں کے ساتھ منعقدہ خصوصی نشست میں کیا۔
ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی تعلیمی سلسلہ منقطع کرنا پڑا اور اس پر نجی تعلیمی اداروں نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون بھی کیا، کورونا کے دوران ہزاروں نجی تعلیمی ادارے بند ہو گئے اور ان میں خدمات انجام دینے والے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہو گئے ہیں اس کے باوجود بچوں کی صحت پر ہم نے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور سکولوں کو بند رکھتے ہوئے نجی سیکٹر کی تباہی کو برداشت کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کورونا کے دوران مکمل بند ہوجانے والے تعلیمی اداروں کا سروے کرایا جائے اور متاثرہ سکول مالکان کی مالی معاونت کی جائے اسی طرح بے روزگار ہونے والے ملازمین کوبھی باعزت روزگار فراہمی کےلیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد کھولے گئے تعلیمی اداروں میں حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل کر رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت بھی اس تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ کھولے گئے تعلیمی اداروں کی دوبارہ بندش کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور نہ ہی بچوں کے مستبقل کو تباہ کرنے کی کسی سازش کا حصہ بنیں گے۔انہوں نے وزیر تعلیم شفقت محمود کے اس بیان کی بھی حمایت کی جس میں انہوں نے تعلیمی نظام کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔