یوم سیاہ کشمیر پر دشمن نے مدرسے کے معصوم بچوں کو خون میں نہلایا، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر پر دشمن نے مدرسے کے معصوم بچوں کو خون میں نہلا دیا، دشمن نے اپنی سیاہ تاریخ اور مذموم عزائم کو دوبارہ پروان چڑھانے کے لیے بچوں کو خون میں نہلایا، ان بچوں میں افغان مہاجرین کے بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اَپر دیر مالاکنڈ ڈویژ ن کا دورہ کیا جہاں انہیں اسٹیبلائزیشن آپریشنز اور بارڈر منیجمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں مدرسہ دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کی عیادت بھی کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ کل بھی قوم نے دہشت گردوں کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا، آج بھی ہم اُس بے مثال یکجہتی کے جذبے کے تحت ایک ہیں، ہمارا دکھ کل بھی مشترک تھا اورآج بھی، دشمن کل بھی وہی تھا، دشمن آج بھی وہی ہے۔