شہدائے کنٹرول لائن کی قبروں پر پاکستانی پرچم لہرائے جائیں،فاروق حیدر کی ہدایت

اسلام آباد(صباح نیوز)آزادجموں وکشمیرکے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس رات گئے تک جاری رہا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔وزیر اعظم نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیری شہریوں کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کرنے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر شہید ہونے والے کشمیری قوم کے بہادر شہریوں کو پاکستان اور کشمیر کے قومی پرچم میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ دھرتی ماں کے سپرد کیا جائے گااور آ زادکشمیر پولیس کا دستہ سلامی دے گا  ۔وزیر اعظم نے کہاکہ تمام انتطامی افسران کو فوری طور پر مکتوب ارسال کیا جائے کہ آئندہ کنٹرول لائن کے کسی بھی علاقے میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہریوں کو پاکستانی اور کشمیر کے پرچم میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے اور ان کی قبروں پر پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لگائے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے بہادر شہری مبارک باد کے مستحق ہیں کہ وہ بھارت کی جانب سے بلااشتعال اور لگاتار فائرنگ کے باوجود اپنی اپنی جگہوں پر ڈٹے ہوے ہیں اور گولیوں کی بوچھاڑ میں بھی اپنے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کنٹرول لائن پر بسنے والے افراد کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ۔کابینہ نے متفقہ طور پر ایک قرارداد بھی منظور کی جس میں  کشمیری طلباء کو وظائف کی مد میں ڈیڑھ ارب کی خطیر رقم کے انڈومنٹ فنڈز فراہم کرنے پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔وزیر اعظم نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب  محمد شہباز شریف کے تعلیم دوست اقدام پر پوری کشمیری قوم ان کا شکریہ ادا کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف قائد پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن کے عین مطابق آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور کشمیری عوام کی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کی مد میں ڈیڑھ ارب کی خطیر رقم کے علاوہ نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی کے لیے بھی پنجاب حکومت نے فنڈز فراہم کئے ہیں جس پر ہم ان کے مشکور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پی ایم لیپ ٹاپ سکیم کا دائرہ کار بھی آزادکشمیر تک بڑھاکر اس میں اضافہ بھی کیا گیا ہے جس پر ہم وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں ۔
دریں آزادجموں وکشمیرکے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان ،اپوزیشن لیڈر چوہدری یاسین نے ضلع حویلی کے گاوں چفاڑ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے دو بچوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار ہے ۔وزیر اعظم نے چڑی کوٹ سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی اور خاص طور پر بچوں کو نشانہ بنانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی فوج کی نہتے شہریوں پر فائرنگ کا نوٹس لے ۔ وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے ضلع حویلی کے گاوں چفاڑ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو بچوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے