پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں،عدالتی روابط بڑھانا ہونگے،جسٹس ابراہیم
مظفرآباد(وقائع نگار)چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء سے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور میں زیر تربیت 17رکنی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز نے آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ میں ملاقات کی۔ سینئر جج آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان ،جسٹس غلام مصطفے مغل اور رجسٹرار آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ چوہدری محمد ریاض بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے ججز صاحبان کو آزادکشمیر کے عدالتی نظام کے حوالہ سے بتایا کہ آزادکشمیر میں قانون کی حکمرانی اور عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے عدلیہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بنچ اور بار کے درمیان مثالی تعلقات ہیں جس وجہ سے عوام کو انصاف کی فراہمی میں کسی بھی دشواری کا سامنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی عدلیہ عوام کو انصاف کی فراہمی میں بنیادی چہرہ ہے۔ ہم نے ملکر ملک اور اداروں کو مضبوط بنانے اور انصاف پرمبنی معاشرے کے قیام کے لئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض منصبی محنت، دیانتداری، ایمانداری اور خلوص نیت سے انجام دیں تاکہ دنیا و آخرت میں فلاح پا سکیں اور آنے والی نسلوں کے لئے ایک منصفانہ معاشرے کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ریاست کے نظام کی مضبوطی اور بہتری کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے قانون سب کے لئے برابر ہے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں ہم سب ایک قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کشمیر کا جغرافیائی، مذہبی اور ثقافتی رشتہ ہے اور اس رشتے کو ہم سب نے ملکر مضبوط و مستحکم بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کی عدلیہ کے درمیان روابط کو بڑھانے ہوں گے تاکہ جوڈیشل آفیسران ایک دوسرے سے تجربہ سے فائدہ اٹھا سکیں اور آزادکشمیر و پاکستان کی عدلیہ میں اشتراک عمل وقت کا تقاضا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں جوڈیشل اکیڈمی کے قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے تاہم فی الحال کشمیر انسٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز میں عدالتی آفیسران کے لیے کورسز اور تربیت وغیرہ کا اہتمام کیا جانا زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالا دستی، قانون کی حکمرانی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ آخر میں چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کو وفد کے سربراہ نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی طرف سے سونئیر بھی پیش کیا گیا۔