لبریشن سیل میں 85لاکھ خرچ کرنے کیلئے 3کروڑ پر 16چہتے تعینات
اسلام آباد(حسیب شبیر چوہدری) آزاد کشمیر حکومت کے ادارے جموں و کشمیر لبریشن سیل میں 85لاکھ روپے خرچ کرنے کیلئے تین کروڑ روپے انتظامی اخراجات کی مد میں خرچ کئے جاتے ہیں ،لبریشن سیل حکومت کے پا س کارکنوں کو نوازنے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جس کے تحت صوابدیدی عہدوں پر سیاسی ایڈ جسٹمنٹ کر کے کارکنوں کو تنخواہ دے کر نوازا جاتا ہے، صوابدیدی عہدوں پر تعینات افراد صرف اسٹیٹس انجوائے کرنے اور تنخواہ لینے تک محدود ہیں۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے کارکنوں کو نوازنے کیلئے عجیب منطق ،لاکھوں کا بجٹ خرچ کرنے کیلئے کروڑوں روپے تنخواہ کی مد میں خرچ کئے جا رہے ہیں۔تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے والے ادار ے جموں و کشمیر لبریشن سیل میں صوابدیدی عہدوں پر کارکنوں کو نوازنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں جبکہ تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے اور دیگر معاملات کیلئے بجٹ صرف لاکھوںمیں رکھا گیا ہے۔ مبینہ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے تنخواہوں کی مد میں سالانہ 4کروڑ کمی کی ہے جبکہ دیگر اخراجات کی مد میں 20لاکھ اضا فہ کیا ہے،ن لیگ کے دور حکومت میں اب تک 16صوابدیدی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں لبریشن سیل میں تنخواہوں کی مد میں موجودہ حکومت کی نسبت سالانہ 4کروڑ روپے اضافی خرچ ہوتے تھے ۔پی پی دور میںپہلے 75 صوابدیدی تقریاں کی گئیں جبکہ بعد میں75سے کم کر کے صوابدیدی عہدوں پر 50تقرریاں کی گئیں تھیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صوابدیدی عہدوں کو50سے کم کر کے تعداد 30کر دی ہے مگر تاحال صرف 16لوگ تعینات کئے گئے ہیں جس کے باعث تنخواہوں کی مد میں قریباًسالانہ 4کروڑ روپے اخراجات میں کمی ہوئی ہے جبکہ تقریبات کے انعقاد اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہوا جس کے بعد تقریبات اور دیگر اخراجات کیلئے 65لاکھ سالانہ سے بڑھا کر85لاکھ روپے سالانہ کر دیا گیا ہے۔