آسٹریلیا مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،بیرسٹر سلطان
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آسٹریلیا مسئلہ کشمیر حل کرانے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ کیونکہ آسٹریلیا کے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں اور وہ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار بھی ادا کر سکتا ہے۔ کیونکہ پاکستان اور بھارت نے کبھی بھی دوطرفہ مذاکرات سے کوئی مسئلہ حل نہیں کیا۔انڈس بیسن ٹریٹی اسکی واضح مثال ہے جس میں ورلڈ بنک نے ثالثی کرائی تھی۔لہذا اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل نکلنا چاہیے۔ اسکے لئے بہتر ماحول اسوقت پیدا ہو گا جبکہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا فوری طور پر خاتمہ ہو گااور ایک طرف انٹراء کشمیر ڈائیلاگ بھی ہو سکتے ہیں اور دوسری طرف پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات بھی ہونے چاہیے انٹرنیشنل کمیونٹی کو تیسری دنیا کی دو ایٹمی طاقتوں کو انکے حال پر نہیں چھوڑنا چاہیے۔ ورنہ بڑی خوفناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔اگرچہ دنیا میں اور بھی بہت سے ایشوز ہیں لیکن جنوبی ایشیاء دنیا کا خطرناک خطہ بن چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر آسٹریلیا ہائی کمیشن کی بین الاقو می امور کی انچارج مس ایماء لیہے(Ms. Emma Leahey) اورمسٹرہگ بوائیلن (Mr. Hugh Boylan)مقامی سیاست کے انچارج سے ڈیڑھ گھنٹے کی تفصیلی ملاقات میں کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آسٹریلیا کے سفارتکاروں کو بتایا کہ نواز شریف کی نا اہلی کے بعد پاکستان ایک سیاسی بحران سے نکل رہا ہے تاہم مسئلہ کشمیر پر ساری قوم متحد ہے۔ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا مرتکب ہو رہا ہے بلکہ وہ آئے روز لائن آف کنٹرول کی بھی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص آسٹریلیا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھارت کو روکے۔