فاروق حیدر یورپ روانہ،راجہ نثار 10دن کیلئے وزیراعظم بن گئے
اسلام آباد (خبر نگارخصوصی)وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر10روزہ دورے پر یور پ روانہ ہوگئے،جبکہ قائم مقام وزیراعظم کا عہدہ راجہ نثار نے10دن کیلئے سنبھال لیا ہے۔ وزیر اعظم کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام یورپین پارلیمنٹ میں منعقدہ ہفتہ کشمیر کی تقریبات میں شرکت کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک میں مختلف تقاریب سے بھی خطا ب کرینگے ۔ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، ایم ایل اے اورسیز راجہ جاوید اقبال،ایڈیشنل پی ایس او راجہ ارشد حسین وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیر اعظم کا انتہائی مختصر وفد کے ہمراہ مصروف پروگرام ترتیب دیا گیا ہے ۔یورپین پارلیمنٹ میں ہفتہ کشمیر کاآغاز برسلز پریس کلب میں منعقدہ تصویری نمائش سے ہوگا جس میں مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی فوج کی جانب سے معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانیو الے مظالم بالخصوص پیلٹ گن کا استعمال ، خواتین اور بچوں پر اندوہناک مظالم اورلائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں پر اشتعال انگیزی کی تصاویر شامل ہیں ۔ کشمیر کونسل یورپ کے چیرمین علی رضا سید پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام ، تارکین وطن کی بڑی تعداد وزیر اعظم آزاد کشمیر کا استقبال کریگی۔ اس موقع پر با ت چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر اپنی بساط کے مطابق بھرپور تیاری کے ساتھ یورپ کی مہذب اقوام کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ رکھیں گے ۔ ہماری حکومت کی روز اول سے کوشش رہی ہے کہ مختصر وسائل میں زیادہ سے زیادہ کارکردگی دکھائی جائے اس لیے وفد مختصر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام ہر سال یورپین پارلیمنٹ میں ہفتہ کشمیر کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں اراکین یورپین پارلیمنٹ ، وہاں کی سول سائٹی اور نمایاں افراد شرکت کرتے ہیں اور یہ وہ موقع ہوتا ہے کہ جب ہم وہاں کی کمیونٹی کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ رکھ سکیں ۔کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید اور ان کی ٹیم ہر سال بہت محنت سے کامیاب پروگراموں کا انعقاد کرواتی ہے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر کو روانگی سے قبل ائیر پورٹ پر جماعتی عہدیداران اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے الوداع کیا۔