زلزلہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کا ایک ایک منصوبہ مکمل کرینگے،راجہ نثار
مظفر آباد(وقائع نگار) آزادکشمیر کے قائمقام وزیر اعظم راجہ نثار احمد خان نے کہا ہے کہ قدرتی آفات اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہوتی ہے ۔ انسان کو ہروقت ان آفات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا چاہیے ۔ زندہ قومیں قدرتی آفات کے بعد عزم ، حوصلے اور ہمت سے انکا مقابلہ کرتی ہیں ۔ آزا دکشمیر میں 8اکتوبر 2005کے زلزلہ نے ہولناک تباہی مچائی تھی لیکن آج دوبارہ سے شہر آباد ہو چکے ہیں اور عظیم الشان عمارات تعمیر ہو چکی ہیں ۔ بین الاقوامی برادری ، حکومت پاکستان ، عوام اور این جی اوز کے تعاون سے اب ریاست میں زندگی دوبارہ مسکرا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 8اکتوبر شہدائے زلزلہ کی 12ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات آئے روز پوری دنیا میں تباہی مچا رہی ہیں لیکن اگر قوم حوصلے ، ہمت اور عزم کے ساتھ انکا مقابلہ کرے تو نقصان کا اندیشہ کم ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام ادارے قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریاں رکھیں اور عوام کو آگاہی فراہم کریں کہ قدرتی آفات کے وقت نقصان کیسے کم کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 8اکتوبر کے زلزلہ نے جہاں قیمتی جانوں کو نقصان پہنچایا وہیں کروڑوں روپے کے انفراسٹرکچرکو بھی متاثر کیا لیکن عالمی برادری کے تعاون سے پہلے سے زیادہ بڑی عمارتیں اور کشادہ شاہراہ بن چکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوری ریاست کی عوام نے اس موقع پر عزم اور حوصلے سے کام کیا اور زندگی کو دوبارہ بحال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے بقیہ منصوبوں کو ترجیحات میں رکھا اور اس سلسلہ میں فنڈز فراہم کیے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے زلزلہ متاثرہ اضلاع کے ایک ایک منصوبے کو مکمل کرنے کا تہیہ کررکھا ہے اور جلد یہ سارے منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس دن میں شہدائے زلزلہ کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ زلزلہ سے متاثرہ اضلاع کے تمام منصوبہ جات جلد مکمل کر لیے جائیں گے ۔