بی اے بی ایس سی نتائج کا اعلان ،طالبات بازی لے گئیں،نکمے لڑکے ایک بھی پوزیشن نہ لے سکے

مظفرآباد(وقائع نگار) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے زیر اہتمام بی اے /بی ایس سی کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے مظفرآباد میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران پوزیشن ہولڈر طلبہ کے ناموں کا اعلان کیا، بی ایس سی میں فاطمة الزہرہ گرلز ڈگری کالج کوٹلی کی طالبہ رعنا محمود دختر محمود خان رول نمبر 523نے 735نمبر حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی،ریڈ فائونڈیشن کالج بھمبر کی طالبہ سماویہ نوید دختر محمد نویدرول نمبر 338نے 732 حاصل کر کے دوسری جبکہ گرلز ڈگری کالج عباس پور کی طالبہ زارا مقصود دختر مقصود خان رول نمبر 2693نے 728نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی ،بی اے میں تینوں پوزیشنز پرائیویٹ طلبہ لے اڑے ، بی اے میں ضلع میر پور کی طالبہ انیسہ لطیف دختر محمد لطیف چوہدری رول نمبر 13373نے 654نمبر لے کر پہلی پوزیشن،میر پور کی ہی دوسری طالبہ ایمن رزاق دختر محمد رزاق رول نمبر 13358 نے 631 نمبر لے کر دوسری اور ضلع کوٹلی کی طالبہ سبحرا  بی بی دختر شیر زمان رول نمبر 12975نے 626نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔کنٹرولر امتحانات نے دوران پریس کانفرنس بتایا کہ بی اے ،بی ایس سی امتحانات 11مئی سے 9جون تک جاری رہے جبکہ عملی امتحان8ستمبر کو ختم ہوا ،شعبہ امتحانات اور آئی ٹی کا عملہ مختصر وقت میں نتائج تیار کرنے پر مبارک باد کا مستحق ہے ،بی اے ،بی ایس سی امتحان میں ناکام رہنے والے امیدواران اپنے داخلہ فارم عام فیس کے ساتھ 25اکتوبر تک جمع کروا سکتے ہیں ،کنٹرولر امتحانات نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیاکہ جامعہ کشمیر شعبہ امتحانات مستقبل میں بھی طلبہ کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گا۔اس موقع پر سنیئر سیکرٹری آفیسر خواجہ ظفر اقبال،آفیسر تعلقات عامہ قاضی ظہور احمد،اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات محمد برہان بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔