قانون کی حکمرانی کیلئے بار اور بنچ کاتعلق مزید مضبوط بنائیں گے،جسٹس ابراہیم
مظفرآباد( وقائع نگار)چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے پیر کے روز آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ میں بورڈز آف آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا افتتاح کر دیا۔ سینئر جج آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان اور جج سپریم کورٹ جسٹس غلام مصطفے مغل بھی موجود تھے۔ تقریب سے صدر آزاد جموںوکشمیر بار ایسوسی ایشن سید نشاط کاظمی ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل آزاد جموں وکشمیر بار ایسوسی ایشن راجہ شجاعت علی خان ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں وکشمیر راجہ رضا علی خان ایڈووکیٹ، سینئر پروٹوکول آفیسر شہزاد احمد راٹھور، عہدیداران و ممبران آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، ممبران بار کونسل، سینئر وکلاء آزاد خان ترین ایڈووکیٹ، راجہ آفتاب خان ایڈووکیٹ، خواجہ شوکت گنائی ایڈووکیٹ، خواجہ افتخار ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر عدالت العظمی جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے، ریاست ہماری ہے اور یہ معاشرہ ہمارا ہے ہم نے ملکر ایک انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ہے اور ہم سب نے ملکر اس نظام کی بہتری اور مضبوطی کے لئے ایک مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ عام آدمی کو انصاف مل سکے اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کے لئے ایک مضبوط نظام چھوڑ کر جائیں۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ ریاست میں قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے بار اور بنچ کا تعاون بنیادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار اور بنچ کے تعلق کو مزید مضبوط بنائیں گے اور اس نظام کی بہتری کے لئے بار اور بنچ دونوں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی ذمہ داریوں کو محنت،لگن اور دیانتداری سے سرانجام دیں تو انصاف کی فراہمی میں آسانی پیدا کی جا سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ عدلیہ کے مسائل حل کرنے میں تعاون کیا ہے اور مستقبل میں بھی عدلیہ میںججوں کی کمی اور دیگر مسائل کے لئے کے لئے اقدامات کیئے جائیں گے۔