سری لنکن ٹیم پاکستان آئے گی، سری لنکن کرکٹ بورڈ
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم رواں ماہ ایک روزہ ٹی 20 میچ کھیلنے کے لیے لاہور آئے گی۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ بورڈ نے گزشتہ دو ماہ کے دوران سری لنکن حکومت، پاکستانی حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ اور آزاد سیکیورٹی ماہرین کے ساتھ مل کر صورتحال کا مکمل جائزہ کیا اور آج ان کی رپورٹس کا ایگزیکٹیو کمیٹی بھی جائزہ لیا گیا جس کے بعد پاکستان ٹیم بھیجنے کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق وہ 29 اکتوبر کولاہور میں تیسرے ٹی 20 میچ کے لیے کیے جانے والے سیکیورٹی اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں اور اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی کل 22 رکنی ٹیم کا اعلان کرے گی جس میں سے حتمی 15 کھلاڑیوں کا اعلان 20 اکتوبر کو ہو گا۔
پاکستان آنے والی سری لنکن ٹیم کے ساتھ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر تھیلنگا سماتھی پالا لاہور آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم 28 اکتوبر کو لاہور آئے گی اور 29 اکتوبر کو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔
اس سے قبل سری لنکن ٹیم کے بعض کھلاڑیوں نے سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان میں کھیلنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
سری لنکن کرکٹ کے صدر تھیلنگا سماتھی پالا کا کہنا تھا کہ ’اصولی طور پر‘ 29 اکتوبر کو ہونے والے ٹی 20 کے بارے میں تاحال معاہدہ قائم ہے تاہم کھلاڑیوں نے سیکیورٹی کی صورتحال پر غور کرنے کی درخواست کی تھی۔
خیال رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر حملے کے بعد سے پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے محروم ہے اور پی سی بی کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو اپنے ’ہوم گراونڈ‘ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔