بابر اعظم یو اے ای میں مسلسل 5 سنچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے

کراچی: نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم متحدہ عرب امارات میں مسلسل 5 میچز میں 5 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بھی بن گئے۔

بابر اعظم نے نہ صرف سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کی بلکہ وہ متحدہ عرب امارات میں مسلسل 5 میچز میں 5 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بھی بن گئے۔ 23 سالہ نوجوان بابر اعظم نے ایک بار پھر خود کو منوایا اور پاکستان کی ابتدائی 6 وکٹیں 101 رنز پر گرنے کے باوجود سری لنکن باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے اور شاداب خان کے ساتھ مل کر 109 کی شاندار شراکت قائم کی۔

اس مقابلے میں بابر اعظم 133 گیندوں پر 101 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو یہ ان کی سری لنکا کے خلاف دوسری اور کیریئر کی ساتویں جبکہ یو اے ای میں مسلسل پانچویں سنچری شمار ہوئی، واضح رہے کہ یہ دنیا کے کسی بھی بیٹسمین کا منفرد ریکارڈ بنا ہے، بابراعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز میں بالترتیب 117، 123 اور 120 کی اننگز کھیلیں تھیں۔