سری لنکا کا دورہ پاکستان، ٹکٹوں کی قیمت کم کر دی گئی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لاہور میں ہونے والے ٹی 20 میچ کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں سری لنکن ٹیم سے متحدہ عرب امارات میں اپنی ہوم سیریز کھیل رہی ہے۔
سری لنکا کی ٹیم تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 29 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گی جس کی تصدیق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز (پیر) کو کی تھی۔
2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ معطل ہو گئی تھی۔ اس حملے کے بعد سری لنکا پہلی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم ہے جو کہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔
میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کے پہلے مرحلے میں سات انکلوژرز کے ٹکٹ آن لائن دستیاب ہوں گے جن کی قیمت ورلڈ الیون کے دورے کے دوران کھیلے گئے میچز کی نسبت کم رکھی گئی ہے۔
وسیم اکرم انکوژر کے لیے ٹکٹ کی قیمت 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جو کہ اس سے قبل 8 ہزار روپے تھی۔ اسی طرح عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز میں ٹکٹوں کی قیمت 6 ہزار روپے سے کم کرکے 3 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
عبدالقادر، اے ایچ کاردار، جاوید میانداد اور راجاز انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت 15 سو روپے مقرر کی گئی ہے۔ ورلڈ الیون کے دورے کے دوران ان انکلوژرز میں ٹکٹ کی قیمت 4 ہزار روپے تھے۔
مذکورہ انکلوژرز کے علاوہ دیگر انکلوژرز میں ٹکٹوں کی فروخت جمعہ سے شروع ہو گی۔