پاکستان سپر لیگ کے 4 میچز کراچی میں کرانے کا فیصلہ
کراچی: ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان سپر لیگ کے 4 میچز کراچی میں کرائے جانے کی تصدیق کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ملاقات کی جس میں پی ایس ایل کے میچز کراچی میں کرانے پر بات چیت کی گئی اور اس موقع پر بالخصوص سیکیورٹی کے امور پر بات ہوئی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے نجم سیٹھی کو ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مراد علی شاہ کا نجم سیٹھی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے جو بہترین ہوگی، آپ چاہیں تو ایئر پورٹ سے ہوٹل تک ٹیم کے ساتھ آؤں گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی پر امن شہر ہے، یہاں بھی انٹرنیشنل کرکٹ شروع کی جائے، ہم سیکیورٹی کا ہر طرح سے خیال رکھیں گے۔
اس سے قبل اپنے بیان میں چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ غیرملکی سیکیورٹی ماہرین کوکراچی لانا ہے اور سیکیورٹی کےساتھ اسٹیڈیم کے معاملات بھی دیکھنے ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات پروڈیوبریفنگ دی گئی تھی اور سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹ پرسری لنکا اور ویسٹ انڈیز آنے پرراضی ہوئے۔
چیرمین پی سی بی نے سری لنکن ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے پاکستان آنے کی تصدیق کی۔