لٹکتے تار،گندگی کے ڈھیر،یونین کونسل رجانی مسائل کا گڑھ بن گئی

بھمبر ( بیورورپورٹ) بھمبر یونین کونسل بھمبر رجانی کا علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ٹوٹی گلیاں ، گندگی سے اٹی نالیاں بجلی کے لٹکتے تار عوام علاقہ کیلئے وبال جان بن گیا علاقہ مکین سراپا احتجاج ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق بھمبر شہر کے قریب سے گذرنے والے نالہ بھمبر کے دوسرے کنارے پر واقع بھمبر رجانی کا گنجان آباد علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے علاقہ میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے  ہوئے ہیں نالیاں گندگی سے اٹی ہیں جس سے نالیوں کا گندا پانی گلیوں میں بہہ کر علاقہ مکینوں کے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں کے باعث بد بو اور تعفن نے فضا آلودہ بنا رکھی ہے جبکہ مکھی اور مچھر کی بھی بہتات ہے جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں علاقہ میں متعدد گلیاں بھی ٹوٹ پھوٹ کی شکار ہیں علاقہ میں تعمیر و ترقی کا کام بھی انتہائی سست روی کا شکار ہے جبکہ علاقہ گنجان آباد ہونے کے باوجود واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب نہیں کیا گیا جس سے علاقہ مکینوں کو صوف پانی کے حصول میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے جبکہ علاقہ میں بجلی کے گلیوں میں لٹکتے تار بھی خطرہ بن چکے ہیں علاقہ بھمبر رجانی کے مکینوں نے کہا ہے کہ عوامی نمائندے صرف الیکشن کے دنوں میں علاقہ میں ووٹ مانگنے کیلئے آتے ہیں اور پھر پانچ سال تک عوام کو نہیں پوچھتے کہ وہ کس حال میں ہیں عوام علاقہ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بھمبر ساری صورتحال کا نوٹس لیکر اصلاح و احوال کے اقدامات اٹھائیں۔