میرپور ترقیاتی ادارے کو بے لگام گھوڑا نہیں بننے دینگے،پبلک اکائونٹس کمیٹی
میرپور (بیورورپورٹ)اجلاس میں چیئرمین پبلک اکونٹس کمیٹی وممبراسمبلی چوہدری محمداسحاق اورممبران نے ادارہ ترقیات کوہدایت کی کہ وہ فوری طورپر فنانشل رولز بنوائیں اور ادارہ ترقیات میں جملہ سرگرمیوں کوقانون وآئین اور قواعد وضوابط کے مطابق ہم آہنگ کریں۔ ترقیاتی ادارہ میرپورکی خودمختاری کایہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ وہ بے لگام گھوڑے کی طرح جومرضی آئے کرے۔ پبلک اکونٹس کمیٹی قانون وآئین اور قواعد وضوابط کے مغائر سرگرمیوں میں ملوث افراد کوکیفرکردار تک پہنچائے گی اور ادارہ کے اثاثہ جات اور رقوم کے خلاف کسی کے ساتھ کوئی رو رعایت نہیں رکھے گی۔ اس موقع پر ممبران کمیٹی نے کہاکہ ایک وقت تھا جب ادارہ ترقیات دوسرے ریاستی اداروں کوقرض دیتاتھا لیکن اس میں مالی بے ضابطگیوں کی انتہاکے باعث یہ ادارہ اب مالی لحاظ سے مفلوج ہوچکاہے۔ پبلک اکونٹس کمیٹی ادارہ کے ریکارڈ کی مکمل چھان بین کررہی ہے ۔ قواعد کے مغائراور مالی بے ضابطگیوں میںملوث افراد سے نہ صرف ریکوری کی جائے گی بلکہ ان کے خلاف ریفرنس بھی تیارکیے جاسکتے ہیںجب تک جزااور سزاکاعمل نہیں ہوگا اس وقت تک بہتری کاعمل کسی صورت نہیں ہوسکتا۔