دوسرا ون ڈے؛ ڈی ویلیئرزنے بنگلہ بولرزکی درگت بنادی
پرل: جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو دوسرے ون ڈے میں 104 رنز سے مات دے دی، تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی، 354 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی بنگلہ دیشی ٹیم 249 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
امرالقیس اور مشفیق الرحیم کی ففٹیز ناکافی ثابت ہوئیں، فیلکوایو نے 4 اور عمران طاہر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے 6 وکٹ پر353 رنز بنائے، ابراہم ڈی ویلیئرز 176 اور ہاشم آملا 85 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ روبیل حسین نے 4 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق 354 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی بنگلہ دیشی ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں جس سے ان کا سفر دشوار ہوتا گیا، امرالقیس نے 68 اور گذشتہ میچ کے سنچری میکر مشفیق الرحیم نے 60 رنز بناکر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنانے کی کوشش کی مگر باقی کھلاڑیوں کی جانب سے خاطر خواہ حصہ نہیں ڈالا گیا۔
محمود اللہ 35 اور تمیم اقبال 23 رنز کے ساتھ قدرے مزاحمت کرپائے تاہم 47.5 اوورز میں 249 رنز پر پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی، فلکوایو نے 4، عمران طاہر نے 3 اور پریٹوریس نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے 6 وکٹ پر 353 رنز اسکور کیے، ابراہم ڈی ویلیئرز نے 121 بالز پر 7 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 176 رنز اسکور کیے، ہاشم آملا 92 گیندوں پر 85 رنز بناکر نمایاں رہے، کوئنٹن ڈی کک 46 اور پال ڈومنی 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، روبیل حسین نے 4 اور شکیب الحسن نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔