حفیظ بھائی نے کہا الٹا سیدھا کھیل کر آؤٹ ہوئے توتمہیں جوتے پڑیں گے، امام الحق
ابو ظہبی: پہلے ون ڈے میں سینچری بنانے والے انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کا کہنا ہےکہ کھیل کے دوران حفیظ بھائی نے کہا کہ اگر الٹا سیدھا شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے تو پھر تم کو جوتے پڑیں گے۔
شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی کے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کے 215 ویں انٹرنیشنل کرکٹر بننے والے 21 سال کے امام الحق نے بین الاقوامی سطح پر اپنے اولین امتحان ہی میں 125 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کے ساتھ 100 رنز بنا کر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
امام الحق کو آؤٹ آف فارم احمد شہزاد کی جگہ سری لنکا کے مقابلے میں کھیلنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
میچ کے اختتام کےبعد امام الحق نے پریس کانفرنس میں بھی بیٹنگ کی طرح پراعتماد انداز میں صحافیوں کے سوالات پر جواب دیئے۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز امام الحق نے کہا کہ جب پہلی بار ون ڈے میں ان کا نام آیا تو وہ خاصے دباؤ میں تھے لیکن دبئی پہنچ کر جب انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کی تو وہ بہت حد تک نہ صرف کھلاڑیوں کے ساتھ گھل مل گئے بلکہ خاصے پرسکون بھی ہوگئے۔
نوجوان کرکٹر نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے سلیکشن کو لے کر ان کے چچا یعنی چیف سلیکڑ انضمام الحق ہی نہیں، ان پر بھی ناقدین نے خاصی تنقید کی۔
پاکستان کے لیے انڈر19 ورلڈ کپ کھیلنے والے امام الحق کا کہنا ہے جس طرح ان کا کام کھیلنا ہے، اسی طرح ناقدین کا اپنا کام ہے جس پر انہیں ناراض ہونے یا غصہ کرنے کی قطعی ضرورت نہیں کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ جب وہ پرفارم کریں گے تو کوئی بلا وجہ ان پر تنقید نہیں کرے گا۔
امام الحق نے مزید کہا کہ محمد حفیظ نے جب انہیں ون ڈے کیپ دی، تب ہی انہوں نے کہہ دیا تھا کہ امام تم بڑی اننگز کھیلو گے اور جب بابراعظم کے آؤٹ ہونے پر وہ کریز پر آئے تو میں نے حفیظ بھائی سے کہا مجھے شدید گرمی کے سبب پٹھوں میں کھینچاؤ محسوس ہو رہا ہے، تب مجھے حفیظ بھائی نے غصے میں دیکھتے ہوئے کہا تھا، امام آپ کے لیے پہلے ون ڈے کو یادگار سینچری میں تبدیل کرنے کا سنہری موقع ہے، خبر دار الٹا سیدھا شاٹ کھیل کر جو آؤٹ ہوئے، اگر ایسا ہوا تو پھر تم کو جوتے پڑیں گے۔
نوجوان کرکٹر نے کہا میری غلطی نہیں کہ انضمام الحق میرے چچا ہیں لیکن میں مانتا ہوں مجھے اس رشتے سے ضرور یاد کیا جائے گا، یا پکارا جائے گا، البتہ میں ایک کھلاڑی ہوں ہمیشہ اچھا پرفارم نہیں کروں گا، خراب کھیلوں گا، تو تنقید بھی ہوگی۔
اپنے پسندیدہ کرکٹر کے جواب میں امام الحق نے قدرے سوچتے ہوئے جواب دیا کہ ایسا تو کوئی نہیں، ہاں موجودہ ٹیم میں شعیب ملک سے وہ خاصے متاثر ہیں جب کہ یونس خان سے اصل معنوں میں وہ یہ سیکھے ہیں کہ کیسے کھیل کے ساتھ ایک کھلاڑی مخلص ہو کر اپنے اہداف حاصل کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یونس خان کو وہ اپنے سامنے رکھ کر کرکٹ کھیلنا چاہیں گے۔