24اکتوبر کو مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرینگے، چوہدری گفتار

بھمبر(بیورو رپورٹ) 24اکتوبر یوم تاسیس آزاد حکومت کی تقریب کیلئے ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری گفتار حسین کی زیر صدارت اجلاس سرکاری افسران و کلا اور میڈیا نمائندگان کی شرکت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے ریاست جموں و کشمیر میں آزادی کی تحریک چلی جس کے نتیجہ میں آزاد کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی ملی جس کیلئے ہم اللہ تعالیٰ کے لاکھ لاکھ شکر گزار ہیں آج آزاد خطہ میں صدر، وزیراعظم ، حکومت اور سپریم کورٹ موجود ہے اور ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں جبکہ ہمارے لاکھوں بھائی بہنیں ابھی تک اس نعمت سے محروم ہیں 24اکتوبر کو یوم تاسیس منا کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کو امید اور یکجہتی کا پیغام دینگے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تقریب کا آغاز صبح 9 بجے ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی اور سلامی سے ہو گا اور تمام شرکاء پونے 9 بجے تک ڈپٹی کمشنر آفس پہنچ جائیں بعد ازاں جلوس نکالا جائیگا اور افتتاحی تقریب کمیونٹی ہال بلدیہ میں ہو گی سرکاری و پرائیوٹ تعلیمی ادارے بھی یوم تاسیس میں حصہ لینگے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 27 اکتوبر کو بھارتی افواج کے ریاست جموں و کشمیر میں جابرانہ داخلہ اور قبضہ کیخلاف یوم سیاہ منایا جائیگا اور 10:30 بجے ڈی سی آفس سے احتجاجی جلوس نکالا جائیگا جس میں سرکاری ملازمین سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان ، وکلاء ، شہری ، اساتذہ اور طلباء شرکت کرینگے 24 اکتوبر کو محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام دوستانہ میچ کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا اجلاس میں ایس ایس پی چوہدری منیر حسین، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اقبال حسین چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری نزاکت حسین، ڈی ایس پی چوہدری محمد امین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ راجہ عامر زیب، صدر معلم شیخ صفدر حسین، ویٹرنری آفیسر چوہدری محمد ایوب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریسیکو 1122 شوکت ناز، DFC چوہدری محمد ضمیر، حاجی محمد عبداللہ، عامر رسول بٹ، ایس ڈی او محمد افضل، فارسٹر راجہ نصیر احمد، ملک اعجاز احمد فارسٹر کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔