یورپ میں منعقدہ کشمیر ویک نئی تاریخ رقم کریگا:بیرسٹر سلطان
اولڈھم(نمائندہ کشمیر ٹوڈے) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یورپ میں ہونے والا کشمیر ویک تحریک آزادیء کشمیرکی راہ میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور اسمیں یورپ میں مقیم کشمیری و پاکستانی بھرپور انداز میں شرکت کریں تاکہ وہ بھی اس تاریخی بات میں شامل ہو سکیں۔ یہ نہ صرف صحیح سمت کی طرف صحیح قدم ہے بلکہ اسکے وقت کا تعین ہونابھی ایک تاریخی عمل ہے۔میں 22 اکتوبر کو برمنگھم سے میں جلسے سے کشمیر ویک کا آغاز کر رہا ہوں۔ جبکہ 23 اکتوبر کو برطانوی پارلیمنٹ سے میں خطاب کرونگا اسی طرح 24 اکتوبر کو برسلز پارلیمنٹ سے خطاب کرونگا جبکہ 25 اکتوبر کو عالمی عدالت انصاف میں پیش ہونے کی کوشش کرونگا۔ اسی طرح 26 اکتوبر کو جرمن پارلیمنٹ سے خطاب اور جرمن وزارت خارجہ میں ملاقات کرونگا جبکہ اس کشمیر ویک کی انتہاء اس وقت ہوگی جب 27 اکتوبر کو برلن میں دیوار برلن پر ملین مارچ منعقد کیا جائے گااور اس عزم کا اظہار کیا جائے گا کہ جسطرح جرمنوں نے سویت اور امریکی افواج کی موجودگی میں دیوار برلن کو روند ڈالا تھا اور جرمنی ایک ہو گیا تھا اسی طرح کشمیر ی بھی ایک دن دیوار برلن کی طرح لائن آف کنٹرول کو روند ڈالیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اولڈھم میں پی ٹی آئی کشمیر اولڈھم کے زیر اہتمام ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل جب بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اوڈھم پہنچے تو انکا اولڈھم کے مئیرچوہدری شاداب قمر اور دیگر قائدین نے شاندار استقبال کیا ۔انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر اوڈھم کے مئیرچوہدری شاداب قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ ہیں اور یہ جو بھی قدم اٹھائیں گے برطانیہ کے کشمیری،مئیرز اور کونسلرز انکے ساتھ ہیں۔اس موقع پر جلسہ عام کی صدارت پی ٹی آئی کشمیر اولڈھم کے صدر شبراز ریاض نے کی جبکہ جلسہ سے چوہدری مالک، چوہدری ارشد برکی، چوہدری سردار،بیرسٹر کرامت، چوہدری بشارت، بیرسٹر کرامت، چوہدری عمران، چوہدری جاوید، ڈاکٹر پرویز ،لالہ عجائب، چوہدری صابر ، چوہدری عدنان، چوہدری شیراز، چوہدری فاضل، راجہ سجاد، چوہدری مشتاق، طاہر رفیق ایڈووکیٹ، چوہدری امجد بٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اگرچہ میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کر رہا ہوں لیکن میں نے برلن ملین مارچ میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی ہے اور اس ملین مارچ میں بھی گذشتہ ہونے والے ملین مارچز والا ضابطہ اخلاق رکھا گیا ہے کہ شرکاء صرف آزاد کشمیر کا جھنڈا اٹھائے ہوئے ہونگے اور پلے کارڈز، بینرز اور پوسٹرز پر صرف کشمیر کے نعرے درج ہونگے۔انھوں نے کہا کہ برلن ملین مارچ اصل ملین مارچ کی چوتھی ریہرسل ہے یہ ایک تاریخی اہمیت کا حامل ملین مارچ ہو گا اور اور اصل ملین مارچ میں ایک ملین سے بھی زیادہ لوگ ہونگے جب دونوں اطراف کے کشمیری لائن آف کنٹرول پر جمع ہو کر لائن آف کنٹرول کو دیوار برلن کی طرح روند ڈالیں گے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے مودی کے ساتھ ملکر کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا اور آزاد کشمیر میں دھاندلی کرائی اور وہاں ایک ایسی حکومت اور اسمبلی بنوائی جو تقسیم کشمیر پر مہر ثبت کر سکے۔میں آج اولڈھم کے غیور کشمیریوں کے سامنے واضح طور پر یہ کہتا ہوں کہ میں تقسیم کشمیر نہیں ہونے دونگا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں عمران خان کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انکی جدوجہد سے نواز شریف نا اہل ہوئے۔انھوں نے کہا کہ اب وہ وقت قریب آگیا ہے کہ جب پاکستان کے انتخابات میں عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم بنیں گے اور وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر سے بھی کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔