ایم ڈی اے میرپور میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

میرپور (بیوروپورٹ)آزادجموںوکشمیرپبلک اکونٹس کمیٹی کے چیئرمین وممبراسمبلی چوہدری محمداسحاق نے کہاہے کہ موجودہ پبلک اکونٹس کمیٹی کے ممبران اعلیٰ شہرت کے مالک اور نہایت ہی ایکسپرٹ ہیں ۔ ممبران ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجا م دے رہے ہیں۔ گذشتہ 09 ماہ کے اندر کمیٹی نے ایک ارب 50 کروڑ روپے کی ریکوری کی ہے ہماری نیت ٹھیک ہے کسی کے ساتھ کوئی ذاتی عناد یادشمنی نہیں ہے۔ ادارہ ترقیات میرپورمیں خرابیوں کی انتہاء ہے پہلے مرحلے پرادائیگیوں اور اخراجات کے سلسلہ میں ڈرافٹ پیراجات کی پڑتال کی گئی ہے۔ دوران پڑتال کروڑوں روپے کے مختلف پراجیکٹ کی انکوائری کے لیے ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات میرپور اعجاز رضا کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں احتساب بیورو، پی ڈبلیوڈی کے اعلیٰ شہرت کے انجینئراور دیگر ٹیکنیکل افراد شامل ہوں گے جو ان منصوبہ جات کی چھان بین کرنے کے علاوہ اس میں ملوث افراد کے تعین سمیت فزیکل پراگرس کی حتمی رپورٹ کمیٹی کو پیش کریں گے جس کے بعد ملوث افراد کے خلاف باقاعدہ ریفرنس تیارکیے جائیں گے۔ جو بھی شخص جتنابھی قصوروارہوا اسے سزااور جزا کے عمل سے ہرصورت گزرناہوگا۔قصورواران کوہی سزاملے گی۔
وہ یہاںادارہ ترقیات میرپورکے سلسلہ میں پبلک اکونٹس کمیٹی کے اجلاس کے بعد تفصیلات بتارہے تھے۔ پبلک اکونٹس کمیٹی کے اجلاس میں ممبران پبلک اکونٹس کمیٹی ملک محمدنوازخان، کرنل (ر)وقار احمدنور، عبدالماجد خان، ڈاکٹرمصطفی بشیرعباسی،ڈائریکٹرجنرل ادارہ ترقیات چوہدری اعجاز رضا، سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین، ناظم اعلیٰ حسابات محمدایاز خان، ایڈیشنل سیکرٹری مالیات جمعہ خان، ڈائریکٹرآڈٹ محمدرفیق، ڈپٹی ڈائریکٹرلوکل آڈٹ شفقت عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر احتساب بیورو ہارون الرشید، ڈپٹی ڈائریکٹراحتساب بیورو عبدالقدیر کے علاوہ ادارہ ترقیات کے افسران بھی موجود تھے ۔
اجلاس میں ادارہ ترقیات کی طرف سے مالی بے ضابطگیوں کاشدیدنوٹس لیاگیا اس سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی ڈی جی ایم ڈی اے چوہدری اعجاز رضا کی سربراہی میں بنادی گئی جومالی بے ضابطگیوںکا قانون وقاعدے کے مطابق جائزہ لینے ، منصوبہ جات کی فزیکل صورتحال کی پڑتال اور اس میں ملوث افراد کاتعین کرے گی جو بھی شخص جتنابھی بااثرکیوں نہ ہوا اگروہ بے قاعدگیوں ، بدعنوانیوں میں ملوث پایاگیایا اس نے اختیارات کاناجائز استعمال کیاہواتو اس کے خلاف باقاعدہ ریفرنس احتساب کورٹ میں بھیجیں گے۔ ملوث افراد کے ساتھ کوئی رورعایت نہیں برتی جائے گی بلکہ قانون وقاعدے کے مطابق انھیں سزابھگتناہی پڑے گی۔ اس سلسلہ میں جہاں ادارہ ترقیات کی رقوم میں خرد برد پائی گئی تو اس کابھی حساب لیاجائے گا۔
چیئرمین پبلک اکونٹس کمیٹی چوہدری محمداسحاق نے مزید بتایاکہ ابھی ہم ادارہ ترقیات کی ادائیگیوں اور اخراجات کے ریکارڈ کی پڑتال کررہے ہیں جب پلاٹوں کی چھان بین کاعمل شروع کیاتوادارہ سے بڑاگندھ نکلے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان ادارہ ترقیات سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔پبلک اکونٹس کمیٹی ادارہ ترقیات کوقانون وقاعدے سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ ادارہ ترقیات کی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے اس کی خرابیوں کی تہہ تک جائیں گے۔ کرپشن اور بدعنوانی کا مافیااب کسی صورت بچ نہیں پائے گا۔ چیئرمین پبلک اکونٹس کمیٹی نے اس عزم کااظہار کیاکہ جب تک ہمارے پاس اختیارات اور ذمہ داریاں ہیں ہماری پوری ٹیم ان ذمہ داریوں کا دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے اپناکام جاری رکھے گی۔ انھوں نے کہاکہ ادارہ ترقیات سمیت دیگر ریاستی اداروں سے کرپشن اور بدعنوانی کاخاتمہ کریںگے اور ملوث افراد کے خلاف قانون وقاعدے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے ریاست کے دیگر محکموں کے افسران اورملازمین سے کہاکہ وہ ہرقسم کی بدعنوانی اور بے قاعدگیوں سے دوررہیںبصورت دیگر قانون کاشکنجہ ان کے لیے تیارہے۔قبل ازیں آزادجموںوکشمیر پبلک اکونٹس کمیٹی کے اجلاس میں بے نظیربھٹوشہیدمیڈیکل کالج کے ڈرافٹ پیراجات کے سلسلہ میں پڑتال کی، دوران پڑتال بعض پیراجات کوریکارڈ مہیاکرنے پریکسوکردیاگیااور بعض پیراجات کے خلاف رقم داخل خزانہ کرنے کی ہدایات دیں ۔آزادکشمیر کے سیکرٹری ہیلتھ سروسز میجر جنرل خالد حسین اسد، پرنسپل محترمہ بے نظیر بھٹوشہیدمیڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرمیاں عبدالرشید، ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمدنورنے کمیٹی کوڈرافٹ پیراجات کے بارے میں جملہ کوائف اور وضاحت پیش کی ۔ اجلاس میں چیئرمین پبلک اکونٹس کمیٹی وممبراسمبلی چوہدری محمداسحاق اورممبران پی ایس سی نے محترمہ بے نظیر بھٹوشہیدمیڈیکل کالج کی انتظامیہ کوہدایت کی کہ وہ جملہ اخراجات اور ادائیگیوں کوقانون وقاعدے کے مطابق بنائیں۔    
قبل ازیں چیئر مین پبلک اکائونٹس کمیٹی چوہدری محمد اسحاق کی صدارت میں میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے گزشتہ روز کے باقی ماندہ ریکارڈ کی پڑتال کی گئی۔ میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں مالیاتی ڈسپلن کی شدید کمی پائی گئی۔ لوکل اخبارات میں اشتہارات دیکر نمٹائے جاتے رہے جن کا کوئی قانونی و اخلاقی جواز نہیں۔ ڈپٹی اکائونٹ آفیسر میرپور نے بھی غیر ذمہ دارانہ رول ادا کیا، تبدیلی/معطلی کے احکامات جاری کر دیئے گئے، ڈی جی میرپور ترقیاتی ادارہ کی سربراہی میں سب کمیٹی قائم کر دی گئی جو 2ماہ میں مفصل رپورٹ پی اے سی کو ارسال کرے گی، اجلاس میں ممبران کمیٹی ملک محمد نواز، عبدالماجد خان، مصطفےٰ بشیر عباسی، کرنل (ر) وقار احمد نُور سمیت متعلقہ محکمہ جات کے حکام نے شرکت کی۔سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ کمیٹی نے اس بات کا سخت نوٹس لیا کہ ادارے کے معاملات خلاف ضابطہ چلائے گئے۔ اشتہارات دو قومی اخبارات کو دیئے جاتے ہیں اس کی بھی پابندی نہیں کی گئی۔ ذمہ داران نے رُولز کے مطابق کام نہیں کیا۔ سب کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں پبلک اکائونٹس کمیٹی مفصل فیصلہ دے گی۔