اے ڈی جی باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ جے اجراء میں رکاوٹ بن گیا

میرپور(بیورورپورٹ) اے ڈی سی جی میرپور شہریوں کو ذلیل کرنے لگے، باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ کے اجراء میں رکاوٹیں کھڑی کرنے لگے، مہاجرین کی باشندہ ریاست کی درخواستوں پر غیر ضروری اعتراضات لگا کر چکر کٹوانا معمول بنا لیا، شہریوں کا اے ڈی سی جی میرپور کو فوری تبدیل کرنے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میرپور راجہ فاروق اکرم کی روایتی ہٹ دھرمی سے نالاں شہریوں نے وزیراعظم آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اے ڈی سی جی میرپور کو تبدیل کیا جاکر کسی اہل آفیسر کو انکی جگہ تعینات کیا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اے ڈی سی جی میرپور مہاجرین مقیم میرپور کے باشندہ ریاست کے اجراء میں رکاوٹ بن چکے ہیں، متاثرین منگلا ڈیم کی الاٹمنٹ کے کاغذات کو بطور ثبوت تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہیں جبکہ مہاجرین کے راشن کارڈ پر ان افراد کے نام تلاش کرنے لگے ہیں جو راشن کارڈ اجراء کے وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ پرانے میرپور سے منگلا ڈیم کی تعمیر کے وقت متاثر ہونے والے شہریوں پر بھی غیر ضروری اعتراضات لگا کر انہیں دفتر کے چکر کاٹنے اور پٹواریوں اور گرداوروں کے پیچھے بھاگنے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میرپور میں قبل ازیں جتنے بھی اے ڈی سی جی آئے انہوں نے شہریوں کے مصائب میں کمی کرنے میں اپنی ہر ممکن کوشش کی جبکہ موجودہ آفیسر شہریوں کے مصائب میں نہ صرف اضافے کا سبب بن رہے ہیں بلکہ اپنے دفتر کو بھی تالے لگا ئے رکھتے ہیں اور شہریوں کی شکایات سننا بھی گوارہ نہیں کرتے۔ واضح رہے کہ اے ڈی سی جی میرپور اور وکلاء کے مابین تلخ کلامی معمول بن چکی ہے جبکہ شہری بھی آفیسر موصوف سے تنگ ہیں۔