ترقیاتی کاموں میں کوالٹی کا خاص خیال رکھا جائے ،کمشنر میرپور ڈویژن
میرپور(بیورو رپورٹ) کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمدطیب نے کہاہے کہ ڈویژن میرپورمیں ترقیاتی کاموں میں کوالٹی کاخاص خیال رکھاجائے منصوبہ جات اندر معیاد مکمل کیے جائیں اور ان کی مانیٹرنگ کویقینی بنایاجائے۔کام کی رفتار ، معیاراورکوالٹی پرکوئی کمپرومائز نہیں کیاجائے۔ ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کے لیے ہرممکن اقداما ت اٹھائے جائیں۔ عوام کوپینے کے صاف پانی، بجلی، صحت وصفائی ، ذرائع رسل ورسائل کی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے۔ میرپور سارے آزادکشمیرکاچہرہ ہے اس کی تعمیروترقی ، خوبصورتی اورصحت وصفائی کوبہتر کیاجائے۔ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان کی طرف سے گڈگورننس کے قیام ، میرٹ اور انصاف کی بحالی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدمات پرسوفیصد عملدرآمد کویقینی بنایاجائے گا۔دفاترمیں حاضری کاہرممکن خیال رکھاجائے۔مالیاتی نظم ونسق قائم کیاجائے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے ڈویژنل آفیسران کے ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س میں ایس ای عمارات جاوید اعجاز، ایس ای شاہرات چوہدری احمدعلی، ناظم جنگلات نثاراحمدملک، ناظم جنگلات تجدیدمحمدنصیر، ناظم برقیات سرکل میرپور محمد افضل ضیائی، ناظم اوقاف مقصود حسین عباسی، ڈویژنل ڈائریکٹرسکولز محمدافضال بیگ، ڈویژنل ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ محمدشبیرعباسی، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یوچوہدری محمدحنیف، مہتمم تعمیرات عامہ عمارات انعام الحق، ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت عبدالرئوف، معاون ناظم اینمل محمد زبیر جرال، ایکسین ضلع کونسل امتیازبٹ ، ایکسین برقیات کنسٹرکشن محمدمبشرسرفراز، محمدنعیم اقبال نائب ناظم خوراک کے علاوہ دیگرافسران بھی موجود تھے۔ کمشنر میرپورڈویژن چوہدری محمدطیب نے کہاکہ ڈویلپمنٹ کے متعلقہ افسران اپنے منصوبہ جات میںمعیاراورکوالٹی کاخاص خیال رکھیں۔ میرٹ کے نفاذ کوہرصورت قائم رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ سرکاری افسران کوحکومت اور عوام کے سامنے جواب دہ ہونا ہے اس لیے ترقیاتی عمل میں شفافیت کوبرقراررکھاجائے۔سرکاری وسائل کاصحیح استعمال عمل میں لایاجائے۔اس موقع پرمحکمہ تعمیرات ، شاہرات ، اوقاف ، پی ایم یو، برقیات، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل ، لوکل گورنمنٹ ، جنگلات ، زراعت ودیگرمحکموںکے افسران نے اپنے اپنے پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔