حلقہ بندیوں کے بعد بلدیاتی الیکشن کا شیڈول کا اعلان کرینگے،طارق فاروق

 مانچسٹر (نمائندہ خصوصی) آزاد کشمیر حکومت کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا ہیکہ برطانیہ ممبران پارلیمنٹ اور ہائوس آف لارڈز کے ممبران سمیت وہاں کی سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر کو حق خودارادیت اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل طلب مسئلہ سمجھتی ہے اور اس مسئلہ کے حل کے لئے اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کرنا چاہتے ہیں سکاٹ لینڈ نیشنل پارٹی نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی جاری تحریک کو انسانی حقوق کا مسئلہ قرار دے کر اس مسئلہ کے حل کا مطالبہ کیا ہے ۔برطانیہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن سفارتی محاذ پر گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں ان کی تحریک آزادی کے لئے خدمات قابل ستائش ہیں آزاد کشمیر حکومت ان کی سرگرمیوں کو قدر کی نظر سے دیکھتی ہے تارکین وطن کا آزاد کشمیر کی سیاست میں مسلمہ کردار ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ، یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے یورپ و برطانیہ کا تفصیلی دور ہ کیا ہے ان کی معیت میں ہونے والے اس دورہ میں تحریک آزادی کشمیر پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ بھارت اب حریت کانفرنس کے ساتھ بات چیت کے لئے آمادہ ہو رہا ہے یہ سفارتی دبائو کا ہی نتیجہ ہے عالمی برداری کے استفسار اور تشویش کی وجہ سے بھارتی حکمرانوں کو بین الاقوامی سطح پرتکلیف دہ سوالات کا سامنا ہے مانچسٹر اور گلاسکو میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد پارٹی کارکنوں کے ساتھ بات چیت کے دوران چوہدری طارق فاروق نے کہا ہیکہ اگر چہ وہ نجی مصروفیات کے باعث زیادہ وقت تحریک آزادی کے لئے صرف نہیں کر سکے تاہم جو وقت دستیاب ہوا اس میں کچھ اہم اور نتیجہ خیز ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے برطانی سیاسی قیادت کو صورتحال سے آگاہ کرنے میں معاونت ملی ہے برطانوی سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر کی حساسیت سے آگاہ ہے اور وہ اقوام متحدہ کے تحت کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ پورا کرنے کے مطالبہ کے حامی ہیں۔سکاٹ لینڈ نیشنل پارٹی کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر مثبت پزیرائی ملی ہے اور سکاٹ لینڈ نیشنل پارٹی نے مسئلہ کشمیر کو انسانی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے برطانیہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن برطانی کمیونٹی اور وہاں کی سیاسی قیادت کو کشمیر کاز سے روشناس رکھے ہوئے ہیں کشمیریوں کی تمام تنظیمیں اور سیاسی جماعتیں اپنی بساط کے مطابق سفارتی محاذ پر تحریک آزاد ی کشمیر کے لئے مصروف عمل ہیں جس کا نتیجہ ہیکہ برطانوی عوام اور وہاں کے سیاسی زعماء ممبران پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تمام صورتحال سے آگاہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کشمیری تارکین وطن کے مسائل اور ان کے احساسات سے اچھی طرح آگاہ ہے اور انھیں اپنے وجود کا حصہ سمجھتی ہے آزاد کشمیر کی سیاست تارکین وطن کے بغیر نامکمل ہے۔ ایک سوال پر انہو ں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت بدلتے ہوئے سیاسی حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر وزیر اعظم راجا فاروق حیدر خان کی زیر قیادت میں متحدہے حکومت خطہ کے اندر گورننس اور تعمیر و ترقی کے حوالہ سے درست سمت پیش قدمی کر رہی ہے کچھ کڑوے اور سخت فیصلوں کے بعد عوامی اعتماد سرکاری اداروں پر بحال ہو رہا ہے جو حکومت کی کامیابی کا ثبوت ہے تعمیر وترقی کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے ملنے والے آضافی ترقیاتی فنڈز جاریہ منصوبوں کی تکمیل کے لئے خرچ کر رہے ہیں مواصلات کے شعبہ کو اولیت اور فوقیت دی گئی ہے ایک سال کے اندر تمام بین الا ضلاعی سڑکیں قابل رفتار ہو جائیں گی ۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے سوال پر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں کے احکامات کی روشنی میں انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے انتخابی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا جو اپریل 2018 ء تک متوقع ہیں ۔چوہدری طارق فاروق برطانیہ و یورپ کے ایک ماہ کے دورہ کے بعد کل وطن واپس پہنچے گے ۔