توہین عدالت کی مرتکب حکومت کا خاتمہ قریب آچکا،لطیف اکبر

نیلم(بیورورپورٹ) پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر سابق سینئر وزیر چوہدری لطیف اکبر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے،تعلیمی پیکیج کیس میں توہین عدالت کرنیوالی حکومت کا خاتمہ قریب ہے۔ مسلم لیگ ن کو دھاندلی سے ریاست کی عوام پر مسلط کیا گیا ہے ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے آزاد کشمیر میں گڈ گورننس کے نام پر تماشا لگا رکھا ہے۔ راجہ نصیر کے بیٹے کو ایس ڈی او لگانے کے لئے تمام سروسز رولز معطل کئے گئے۔ این ٹی ایس میں بھرتیاں میرٹ سے ہٹ کر کی گئیں حکومت نے دس نمبر اپنی طرف سے دے کر دس نمبری کی ہے۔ میرٹ میں ویٹنگ لسٹ کے امیدواروں کا میرٹ ختم کر کے ایڈہاک ازم شروع کر دیا ہے۔ حکومت آزادکشمیر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ مسلم لیگ ن کی حکومتنے آزاد کشمیر میں بھی اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ آزادکشمیر میں سیاسی استحکام کے لئے پاکستان میں اگلے سال ہونے والے انتخابات کے ساتھ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں انتخابات کروائے جائیںاس سلسلے میں اعلیٰ قیادت کو اپنے موقف سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ تعلیمی پیکیج پر عمل نہ کر کے حکومت اعلیٰ عدلیہ کی توہین کی ہے جس کی کاروائی چل رہی ہے۔ مسلم لیگ ن عدلیہ کے فیصلوں کو نہیں مانتی ان پر چڑھ دوڑتی ہے۔ پیپلز پارٹی آئین قانون کے مطابق انصاف کے لئے عدلیہ سے رجوع کرتی ہے۔ حکومتی انتقام کا شکارلوگ عدالتوں سے رجوع کریں پیپلز پارٹی کی کی بھرپور ہر فورم پر ساتھ دے گی۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی میں نیلم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے۔ نیلم کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ مارا جا رہا ہے دوسری طرف خاموش رہنے کے لئے سول سوسائٹی وکلاء صحافیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے جس کی پاکستان پیپلز پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ شاہ غلام قادر پیپلزپارٹی کے دور کے منصوبہ جات پر تختیاں لگا کر عوام کو بے قوف بنا رہا ہے۔2017 کے بجٹ میں کوئی چیز نیلم کی عوام کو ملی ہے تو شاہ غلام قادر بات کرے اس کے قبل کے تمام پروجیکٹ بجلی پانی سڑکیں تعلیمی ادارے میڈیکل کالجز یونیورسٹیاں پیپلز پارٹی کی حکومت کا عوام کے لئے تاریخی اقدامات ہیں۔ شاہ غلام قادر نے جھوٹ بول کرعوام سے ووٹ لئے اب جھوٹ کے سہارے پیپلز پارٹی کے ترقیاتی منصوبہ جات کو اپنے کھاتے میں ڈال کر فیس سیونگ کی کوشش کر رہا ہے۔ ا نھوں نے کہا کہ تمام ریکارڈ منظوریاں سامنے ہیں۔ شاہ غلام قادر عوام کو اب مزید بیوقوف نہیں بنا سکتا ہے ۔ پیپلزپارٹی مسئلہ کشمیر کی بنیاد پرمعرض وجود میں آئی ہے ۔ ہمارا کشمیر پر مضبوط موقف ہے۔ پاک فوج کو پیپلز پارٹی نے مضبوط بنایا ہے۔ہم مسئلہ کشمیر پر ایک صفحہ پر ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں گولڈن جوبلی بھرپور طریقے سے منا رہی ہے۔ آزادکشمیر کے تمام حلقوں سے50 ہزار صرف کارکنان شرکت کریں گے تمام حلقوں میں کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی گولڈ جوبلی پر نئی تاریخ رقم کرے گی۔ پریس کانفرنس میں سابق وزیر میاں عبدالوحید خان، ضلعی صدر نذیر دانش ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔میاں عبدالوحید نے کہا کہ پیپلز پارٹی نیلم کو اضافی نشست دینے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ شاہ غلام قادر نے پندرہ سال جھوٹ کی جو فصل بوئی ہے اب اس کو خود کاٹنا پڑ رہی ہے۔ ہمارے دروازے کارکنان کے لئے کھلے ہیں ہمارے دور حکومت میں سپیکر چمبر کی طرح کسی پر لاٹھی چارج نہیں ہوا ہے۔ موصوف کو عوام کی تذلیل کا جواب ملے گا حسد میںجلنے والا کبھی عوام کا خیر خواہ نہیں ہو سکتا یہ بات طے ہے ظلم ناانصافی کا جو سلسلہ شاہ غلام قادر بے اٹھایا ہوا ہے عوام بعد میں قدرت خود اس کو عبرت کا نشان بنا دے گی۔دن ان کے تھوڑے ہیں صبح جائیں شام جائیں جانا ٹھہر چکا ہے۔