مسئلہ کشمیر حل کرنے میں ہی بھارت کی سلامتی ہے:فاروق طاہر
بلوچ (تحصیل رپورٹر)سردار فاروق احمد طاہر ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی مظالم کی انتہا کے خلاف غیور کشمیریوں کی قُربانیوں اور جرات کی انتہا نے ثابت کر دیا ہے کہ طاقت کے زور پر کسی قوم کو غلام رکھنا نا ممکن ہے۔ بھارت بظاہر اپنے آپ کو سیکولر سٹیٹ ہونے کا ڈھنڈورا پیٹتا رہتا ہے مگر اُس کی یہ خام خیالی ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کردار نے بھارت کے سیکولر ہونے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ اسکے علاوہ بھارت میں بھی اقلیتوں کے خلاف بھارتی کردار کسی سے ڈھکا چُھپا نہیں۔ ان تمام حقائق کی موجودگی میں بھارت کو بالکل زیب نہیں دیتا کہ وہ خود کو سیکولر سٹیٹ قرار دے۔ سردار فاروق احمد طاہر ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں بالخصوص ادارہ اقوام متحدہ کو غیر جانبدارانہ رول ادا کرتے ہوئے بھارت کو اس بات کا پابند بنانا چاہیئے کہ 70سالہ پُرانی قراردادیںجو کہ سلامتی کونسل سے منظور شُدہ ہیں پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے پر کار بند ہونہ کہ دہشت گرد افواج کے ذریعے ریاستی دہشت گردی کومزید جاری رکھے، کیونکہ مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل میں ہی بھارت کی بھی سلامتی ہے۔