میرپور،سوئی گیس کی فراہمی کیلئے شہریوں کا چوک شہیداں پر دھرنا
میرپور(بیورورپورٹ)سوئی گیس سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے لیے شہریوں نے دھرنا دیتے ہوئے دوسرا احتجاجی کیمپ چوک شہیداں میں لگا دیا، مختلف سیکٹر ز سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی شرکت ، سوئی گیس ،پانی ،لوڈشیڈنگ ،مہنگی بجلی ،ناکافی علاج کی سہولتوں ،سڑکوں ، روزگار اور تعلیم سمیت دیگرمشترکہ مسائل کیلئے ملکر آواز اٹھانے کے عزم ویکجہتی کا اظہار ، ہمارے آباواجد اد کی قبروں ، گھروں ،رہن سہن وثقافت کو ڈیم بر د کیاگیا بدلے میں نہ پینے کاپانی ملتا ہے ،نہ جلانے کے لیے بجلی جو مل رہی ہے اتنی مہنگی کہ عام آدمی اپنا جینا سزا سمجھنے لگے ،نہ سوئی گیس کی سہولت ہے، نہ علاج اور نہ تعلیم اور تما م بنیادی شہری سہولیات جوملنا چاہے تھی نہیں دی جارہی جبکہ آزاد کشمیر سے سالانہ 400ارب روپے سے زائد کے وسائل کی لوٹ مارکرکے 90ارب آزاد کشمیر کے حکمرانوں کو خدمت کے بدلے میں عیاشی کے لیے دیے جاتے ہیں جبکہ قیمتی معدنیات ودیگر وسائل کی لوٹ مار کاکوئی حساب ہی موجو د نہیں ۔ان خیالات کا اظہار تحفظ حقوق کمیٹی میرپور کے رہنمائوں چوہدری علی اصغر ، رضوان کرامت ، خاور شریف ایڈووکیٹ ، حامد رفیق ،عرفان السلام ، راشد محمود ایڈووکیٹ ، سجاد حسین ،راجا شاید ، اسد محمود ، حسیب حیدر ،چوہدری ارسلان اصغر ، ناصر علی ، چوہدری عابد آفاق مظہر ودیگر نے احتجاجی کیمپ میں شرکت کیلئے آنے والے شہریوں سے خطاب کے دوران کیا۔ تحفظ حقوق کمیٹی میرپور کے رہنمائوں نے کہا عرصہ 17سال سے میرپور کے لوگ سوئی گیس مانگ رہے اور شہر میں گیس کی سہولت موجود ہونے کے باوجود نہیں دی جارہی احتجاجی کیمپ شہریوں کو یکجا کرنے کے لیے لگایا گیا ہے اور حکمرانوں کی بے حسی کو بے نقاب کیاجائے گا ۔احتجاجی کیمپ میں پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری محمد صدیق ایڈووکیٹ ،مرکزی چیف آرگنائز PNPاسلم وطنوں ، ضلعی صدر لبریشن فرنٹ سعد انصاری ایڈووکیٹ ، سیکرٹری جنرل عوامی ورکرز پارٹی ابرار آزاد ایڈووکیٹ ، امان اللہ غازی رہنما NAPشفقت رسو ل ،جاوید الحسن ،عمران رفیق چوہدری رہنما میرپور رائٹس ایکشن کمیٹی ،عامراسلم ،احمدبٹ ،ندیم علی ضلعی جنرل سیکرٹری ورکرزپارٹی یعقوب سیلم کنو نیز ورکرز رکشہ یونین ، سمیت مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کے رہنمائوں و کارکناں نے شرکت کی اور شہری مسائل کیلئے یکجا ہوکر جدوجہد کرنے کاعزم کیا ۔