یاسین گلشن عوام کو آپس میں لڑانے سے گریز کریں، سردار اعجاز
ہجیرہ (نمائندہ کشمیر ٹوڈے) حلقہ نمبر1کی سات زیریں یونین کونسلز پر مشتمل سب ڈویژن قائم نہ کیا گیا تو پھر13فروری سے ہونے والی پہیہ جام ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رکھیں گے۔ چوہدری یٰسین گلشن ہوش کے ناخن لیں اور حلقہ کی عوام کو آپس میں لڑانے سے گریز کریں۔ ان خیالاتکا اظہار یونین کونسل گھمیر کے ایک اہم اجلاس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے سردار اعجاز ایڈووکیٹ چیئرمین ایکشن کمیٹی، سید مزمل حسین شاہ، ساجد علی خان، مختار علی خان، سردار طارق، عبدالمجید، سردار نصیر، سردار آصف، شاہد لطیف، سید صدیق شاہ، وقاص عباسی، صدف شاہ، چوہدری فاروق، چوہدری اقبال،سردار افراز، امتیاز احمد، راجہ سرفراز، محسن خان و دیگر نے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ حلقہ ١ کا پورا علاقہ کنٹرول لائن کے ساتھ ہے جہاں پر ایک طرف لوگ شہید اور زخمی ہورہے ہیں تو دوسری طرف ایم ایل اے حلقہ چوہدری یٰسین گلشن بلا وجہ لوگوں کو آپس میں لڑا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان یونین کونسلز کے عوام کے ساتھ عباسپور میں جو سلوک کیاجاتا ہے وہ سب پر عیاں ہے اور گذشتہ کئی سالوں سے عباسپور میں لوئر بیلٹ سے ایک فرد کو بھی تعینات نہیں کیا گیا تو پھر ان علاقوں کو عباسپور کے ساتھ منسلک کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ مقررین نے کہاکہ ان سات یونین کونسلز پر مشتمل پونچھ ویلی کے نام سے نیا سب ڈویژن قائم کر کے عوام کا دیرینہ مطالبہ فوری طور پر منظور کیا جائے ورنہ13فروری سے مکمل شٹر ڈائون اور پہیہ جام کریں گے جس کی ذمہ داری ایم ایل اے حلقہ چوہدری یٰسین گلشن اور اس کے حواریوں پر ہوگی۔