ہجیرہ: گرلز مڈل سکول ناڑ کوملین کی صدر معلمہ غیر حاضر، ادارہ تنزلی کا شکار
ہجیرہ ( نمائندہ کشمیر ٹوڈے) گورنمنٹ گرلز مڈل سکول ناڑ کوملین ،صدرمعلمہ غیر حاضر، ادارہ تنزلی کا شکار ،طالبات کا مستقبل تاریک ہونے لگا، عوام علاقہ کا احتجاج غریب والدین اپنی بچیوں کو گرلز سکول کے بجائے بوائزسکول میں تعلیم دلانے پر مجبور، وزیر اعظم آزادکشمیر اور سیکرٹری تعلیم سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق حلقہ نمبر ٢ ہجیرہ کے پسماندہ علاقہ ناڑ کوملین میں قائم گورنمنٹ گرلز مڈل سکول میں 8ما ہ سے صدر معلمہ حاضر نہ ہوئی ،دیگر سٹاف کی عدم توجہی اور ادارے کا سربراہ نہ ہونے کی وجہ سے غریب والدین کی بچیوں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ، ڈسٹرکٹ آیجوکیشن آفیسر کی ادارے کے حوالے سے لا علمی اور تدریسی عمل نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ ادارہ خستہ حالی کی نذر ہو گیا ، عوام علاقہ نے تنگ آ کر اپنی بیٹیوں کو دوسرے سکولوں میں منتقل کرنا شروع کیا، ناڑ کوملین کے سیاسی و سماجی راہنمائوں ریٹائرڈ صوبیدار میجر سردار محمد حنیف خان، سردار شیردل احمد خان، صوبیدار ریٹائرڈ محمد رفیق خان، محمد حفیظ خان، محمد صدیق اور دیگر نے وزیر اعظم آزادکشمیر اور سیکرٹری تعلیم سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ سکول میں سٹاف کو حاضر کرتے ہوئے سکول کی حالت بہتر بنائی جائے ،سٹاف کو پابند کیا جائے تا کہ غریب بچیوں کا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جاسکے ۔