بھارت کنٹرول لائن پر فائرنگ سے ایٹمی جنگ کو دعوت دے رہا ہے،خالد محمود
ہجیرہ(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ ہندوستان بلا اشتعال سیز فائر لائن پر فائرنگ کر کے بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے ایٹمی جنگ کو دعوت دے رہا ہے ،سیز فائر لائن سے ملحقہ آبادی دفاعی لائن ہے ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں ہندوستان سیز فائر لائن پر فائرنگ کر کے مقبوضہ کشمیر کے اندر ہونے والے مظالم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کارکنان جماعت اسلامی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ سجاد انور،امیر جماعت اسلامی ہجیرہ سردار سرفراز،راجہ مختار علی خان،سردار عبدالقیوم افسر بھی موجود تھے ،دریں اثناء جماعت اسلامی حلقہ نمبر1کے راہنما سردار ساجد عزیز کی بہن کی وفات پر ان کے گھر جا کر اظہار تعزیت کیا ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ جماعت اسلامی ویژن 2030کے مطابق بیس کیمپ کی خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے مصروف جدو جہد ہے جماعت اسلامی کے کارکن اس ویژن کے مطابق بھرپور کردارادا کریں تا کہ ازاد خطے میں خوشحالی لائی جا سکے اور بقیہ کشمیر کی آزادی کو ممکن بنایا جاسکے انہوں نے کہاکہ قرآن وسنت کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں روزانہ مطالعہ قران کریں اللہ کے دین کی دعوت اللہ کے بندوں تک پہنچائیں عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردارادا کریں ،بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں جماعت اسلامی ازاد خطے کو ایک اسلامی فلاحی ماڈل ریاست بنانا چاہتی ہے اس کے لیے اپنی تنظیم کو مضبوط کیا جائے۔