یورپین یونین نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی دنیا کو مثبت پیغام دیا،بیرسٹر سلطان

میرپور(بیورورپورٹ)ازاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور ممبر یورپین پارلیمنٹ امجد بشیر نے کہا ہے کہ ہم نے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر یورپین پارلیمنٹ میں منا کر مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس سے عالمی سطح پر کشمیر کاز کو تقوت اور پذیرائی ملی ۔دنیا کو یہ پیغام گیا کہ یورپین پارلیمنٹ بھی مظلوم و محکوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ یورپین یونین، اقوامِ متحدہ کے بعد دوسرا بڑا ادارہ ہے۔ جس نے انسانی حقوق اور قوموں کے حقِ خودارادیت کے حوالے سے بڑا نمایاں اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ سیز فائرلائن پر بھارتی افواج کی جارحیت سے حالات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں۔ اس جارحیت سے سول آبادی کے جانی اور مالی نقصانات نے عام لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا کر رکھ دیا ہے۔ سیز فائیرلائن کے ایریا میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی ایک بڑے المیہ کی صورت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ جس کا فوری تدارک ضروری ہے ۔یورپین یونین سیز فائرلائن پر جاری مظالم اور مقبوضہ کشمیر کے اندر کی صورتحال بارے اپنا کردار ادا کرے ۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نے کشمیر پریس کلب میرپور میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کلب آمد پر پریس کلب کے صدر سید عابد حسین شاہ نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور امجد بشیر کا والہانہ استقبال کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی چیف آرگنائزر ظفر انور ،چوہدری صابر دین ،چوہدری ایوب، چوہدری صدیق ،چوہدری منشا ،چوہدری جاوید اکرم ،چوہدری عدنان صابر،چوہدری امجد، چوہدری تیمورخالد، چوہدری عنصر صارم ،چوہدری نصیر احمد ایڈووکیٹ، چوہدری محمد اقبال، چوہدری عرفان اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔ سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر مزید کہا کہ میں نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یورپین پارلیمنٹ کے ممبران سے خطاب کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ انٹرنیشنل سطح پر بھارت کو ایکسپوز کرنا ضروری ہے۔بھارت ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا مرتکب ہو رہا ہے تو دوسری جانب سیز فائر لائن پر آئے روز بھارتی افواج کی فائرنگ نے ان علاقوں میں انسانی حقوق کی پامالی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ یورپین یونین عالمی سطح پر انسانی حقوق کے لیے موثر انداز میں آواز بلند کر رہی ہے ۔ اس سے قبل یورپین پارلیمنٹ نے ایما ء نکلسن رپورٹ پیش تھی مگر اب حالات اس سے بھی بدترین ہیں ۔ہمیں یورپین یونین سے بڑی توقعات وابستہ ہیں کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیوں کو رکوانے میں  اپناکردار ادا کرے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ممبر یورپین پارلیمنٹ امجد بشیر نے مزید کہا کہ کشمیر کاز کے لیے بیرسٹر سلطان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔بیرسٹر سلطان سے میری رفاقت 40 سال پرانی ہے۔ زمانہ کالج سے انہیں جانتا ہوں۔ بین الاقوامی سطح پر کشمیرکاز کے لیے جتنا کام بیرسٹر سلطان محمود نے کیا اتنا کام کوئی اور کشمیری یا پاکستانی لیڈر نہیں کر سکا ۔ان کا یورپین پارلیمنٹ سے حالیہ خطاب انتہائی اہمیت کا حامل تھا ۔میں ایک مرتبہ پھر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یورپین پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت دیتا ہوں۔جس پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امجد بشیر کی دعوت کو قبول کر لیا اور کہا کہ تاریخ کا تعین بعد میں باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔