میرپور، انجمن تاجران اتحاد گروپ کے صدر نے منشور پیش کردیا
میرپور (بیورو رپورٹ) انجمن تاجراں اتحاد گروپ کے صدر چوہدری محمود احمد نے کہا ہے کہ انجمن تاجراں اتحاد گروپ میرپور کے تاجروں کی نمائندہ تنظیم ہے۔ تاجروں کا ہم پر اعتماد ہے ۔تاجر برادری بے شمار مسائل کا شکار ہی۔جن کا حل ضروری ہے۔ ان مسائل کے حل کیلئے ہم اپنا منشور پیش کررہے ہیں۔ اگر ہم اپ کے ووٹ کے اعتماد سے کامیابی سے ہمکنار ہوئے تو انشاء اللہ اپنے منشور پر عمل کرینگے۔ چوہدری محمود نے اپنے منشور بارے بتاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دوکاندار کیساتھ دکان میں کسی بھی نوعیت کا حادثہ پیش آئے اس کا نقصان ہو جائے تو اس کے ازالے کیلئے جائزہ لیکر دوکاندار کو مالی مدد کے طور پر 30ہزار کی مدد کی جائیگی جو کہ دوکاندار واپس کرنے کا پابند نہیں ہوگا اگر خدانخواستہ حادثے میں نقصان زیادہ ہو گا تو تین رکنی کمیٹی نقصان کا جائزہ لے گی اور متاثرہ دوکاندار کو قرض حسنہ دیا جائے گا اور یہ رقم اسان اقساط میں وصول کی جائیگی۔ اگر خدانخواستہ کسی دوکاندار کی موت واقع ہو جاتی ہے تو اس کی تجہیز و تکفین کیلئے اہل خانہ کو 30ہزار روپے دیے جائیں گے۔ چوہدری محمود احمد نے کہا کہ ہم تاجروں کو مضبوط و مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ اگر اتحاد گروپ الیکشن میں کامیاب ہوا تو ہم تاجروں کی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کرینگے۔ کسی تاجر کو آئندہ بنک سے لون لینے کی ضرورت نہیں پڑیگی۔ ہم تنظیم کے اندر چندہ سسٹم شروع کرینگے۔ جس کا بنیادی مقصد صرف اور صرف تاجروں کی فلاح و بہبود ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پینے کے صاف پانی کے مسئلے کو حل کروائینگے۔ انہوںنے کہا کہ سول انتظامیہ، پولیس، ٹیکس ٹیکنیشن اداروں اور تاجروں کے دیگر مسائل میں قانونی امداد کیلئے ان سے تعاون کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم تاجر بھائیوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے بنی ہے ۔تمام تاجروں سے وعدہ ہے کہ اپ اپنے مسائل ہمارے پاس لے کر ائیں ہم انکے مسائل ساتھ مل کے حل کروائیں گے۔