پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہی ہو گا، نجم سیٹھی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں نہیں ہوا تو کہیں نہیں ہو گا۔

پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں جاری ہے جس کے 2 پلے آف میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور اور فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔

گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کراچی والوں کو فائنل میچ کی خوشخبری سناتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور فائنل میچ کے حوالے سے گراؤنڈ کی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ کراچی میں فائنل کے حوالے سے بار بار سوال نہ کریں۔

انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں نہیں ہوگا توکہیں نہیں ہوگا۔

’پی ایس ایل فائنل کا سب سے کم ٹکٹ کی قیمت کم از کم ایک ہزار روپے ہوگی‘

بعد ازاں پریس کانفرنس میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں کم وقت میں بہت زیادہ کام کیا ہے اور ہم نے 2 سال کا کام 4 ماہ میں مکمل کیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہی ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل سیکورٹی کمپنی نے رپورٹ آئی سی سی کو بھیجی ہے تاہم اس سال پی ایس ایل کی ساری فرنچائزز پاکستان آنے کو تیار ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ فائنل میچ کے ٹکٹ 15 مارچ سے فروخت کے لیے پیش کریں گے جبکہ سب سے کم ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار اور سب سے زیادہ قیمت 12 ہزار ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آن لائن ٹکٹ کا نظام دیکھ رہے ہیں اور اس بار کوشش کریں گے کہ سب کو ٹکٹ ملیں۔

پی ایس ایل فائنل کے لیے سندھ پولیس کا ہدایت نامہ جاری

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے پولیس نے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ فائنل کے دن کارساز روڈ کے اطراف تمام تجارتی مراکز، ہوٹلز اور دیگر دفاتر مکمل بند رکھے جائیں۔

پولیس کے ہدایت نامے کے مطابق عمارتیں اور دکانیں 25 مارچ کی صبح 6 سے 26 مارچ کی صبح 6 بجے تک بند رہیں گے جبکہ پابندی کا اطلاق تھانا بہادر آباد کی حدود میں آنے والی تمام عمارتوں پر ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔