ڈربن ٹیسٹ: آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو 118 رنز سے شکست دیدی
ڈربن: آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو ڈربن ٹیسٹ میں 118 رنز سے شکست دے کر 4 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں مہمان آسٹریلیا نے جیت کے لئے جنوبی افریقا کو 416 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں کھیل کے آخری روز میزبان ٹیم 298 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
مچل اسٹارک اور جوش ہیذلی وڈ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے پروٹیز بیٹنگ لائن کمزور ثابت ہوئی اور 7 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔
اوپننگ بلے باز ایڈن مارکرام نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 143 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ وکٹ کیپر بلے باز کوائنٹن ڈی کوک 83 اور ڈی بریون 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
مچل اسٹارک نے 4 اور جوش ہیزلی وڈ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ میچ میں شاندار پرفارمنس پر مچل اسٹارک کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 351 اور دوسری میں 227 رنز بنائے جب کہ میزبان جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 162 اور دوسری میں 298 رنز بناسکی۔