جب تک کوچ ہوں سرفراز ہی کپتان ہوں گے، مکی آرتھر

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم اور پاکستان سپر لیگ فرنچائز کراچی کنگز کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ جب تک وہ قومی ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں، سرفراز احمد ہی اس کے کپتان ہوں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عماد وسیم مستقبل میں اچھے کپتان ثابت ہوسکتے ہیں لیکن فی الحال سرفراز احمد ہی تینوں فارمیٹ کے کپتان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے بعد ہمارے سامنے کئی چیلنجز ہوں گے، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے، ہم ان چیلنجز کے لیے تیار ہیں۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے 20 کھلاڑی ان کی نظر میں ہیں جن میں 15 منتخب کیے جائیں گے۔