پاکستان جانے کے لئے اہلخانہ کے فیصلے کا انتظار ہوگا، شین واٹسن

دبئی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جارح مزاج بلے باز شین واٹسن کا کہنا ہے کہ پاکستان جانے کے لئے انہیں کچھ رکاوٹوں کا سامنا ہے تاہم اس حوالے سے انہیں اپنے اہل خانہ کے فیصلے کا انتظار ہوگا۔

کراچی کنگز کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران شین واٹسن کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کے خلاف حکمت عملی کے تحت کھیلے، اس سے قبل ملتان سلطانز کے خلاف کچھ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے شکست ہوئی۔

شین واٹسن نے کہا کہ کرکٹ پاکستان جارہی ہے جو خوش آئند ہے، پاکستانی کرکٹ سے بہت لگاؤ رکھتے ہیں اور اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھنا اچھی چیز ہے۔

پاکستان جانے سے متعلق سوال پر شین واٹسن نے کہا کہ پاکستان جانے سے پہلے زیادہ اہمیت کا حامل یہ ہے کہ ہم فائنل میں پہنچیں اور ٹیم اس کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

واٹسن کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پاکستان جانے کے لئے کچھ رکاوٹیں ہیں تاہم والدین اور اہلیہ سے مشاورت کروں گا اور ان کے فیصلے کے مطابق پاکستان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کروں گا۔