پلان کے مطابق بولنگ کرنے پر کامیابی ملی، شاہین آفریدی

دبئی: ملتان سلطانز کے خلاف لاہور قلندرز کی فتح کے ہیرو شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ پلان کے مطابق بولنگ کرنے کے باعث وہ میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

شاہین آفریدی نے ملتان کے خلاف اپنے چار اوورز میں محض چار رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ان کی تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں مسلسل 6 میچوں میں شکست کے بعد لاہور قلندرز نے پی ایس ایل تھری میں پہلی کامیابی حاصل کی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین میچوں میں ان سے اچھی پرفارمنس نہیں ہورہی تھی تاہم اس میچ میں پلان کے مطابق بولنگ کی جس کی وجہ سے پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بولنگ کرتے ہوئے ذہن میں تھا کہ ڈاٹ بال کروانے ہیں اور ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا ہے۔

نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ شعیب ملک جیسے اسٹار کھلاڑی کو آؤٹ کرکے اچھا محسوس کررہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بڑے بڑے اسٹارز آپ کے بارے میں بات کرتے ہیں جیسے وسیم بھائی، راہول ڈریوڈ اور وقار بھائی تو اچھا محسوس ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کھیلنے کے لیے پی ایس ایل ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔