میرپور،سنٹرل جیل میں دوہرے قتل کے مجرم لیاقت علی کو پھانسی

میرپور(صباح نیوز) سنٹرل جیل میرپورمیں کوٹلی سے تعلق رکھنے والے دوہرے قتل کے مجرم لیاقت علی کوپھانسی دیدی گئی،مجرم نے  15سال قبل اپنے دوکزنز کوفائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیاتھا،پھانسی کے وقت جیل میں اللہ اکبرکی صدائیں،مجرم وردکرتاہواپھانسی کے پھندے پرجھول گیا،وصیت میں اپنی سات بہنوں کواتحادواتفاق سے رہنے کی تلقین اورجائیدادکی خاطرمقدمہ بازی سے پرہیزکامشورہ دیا،پھانسی لاہورسے آئے ہوئے جلادصابرمسیح نے دی،ڈیڈباڈی ورثاء کے حوالے کردی گئی، تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح کوٹلی کے مضافاتی علاقہ سے تعلق رکھنے والے لیاقت علی کوسیشن جج کوٹلی کی جانب سے جاری کردہ ڈیتھ وارنٹ کی تعمیل کرتے ہوئے سنٹرل جیل میرپورمیں تختہ دارپرلٹکادیاگیا،قبل ازیں مجرم کی رات گئے تک ورثاء سے ملاقاتیں جاری رہیںاس دوران مجرم لیاقت علی نے اپنے بیٹے سے ملاقات بھی کی اوراسے بھی سیدھی راہ پرچلنے کی تلقین کی،جیل ذرائع کے مطابق مجرم لیاقت علی کی پھانسی دوبارصدرریاست کی جانب سے روکی جاتی رہی تاکہ مقتولین کے ورثاء کیساتھ صلح صفائی ممکن ہوسکے لیکن ایسانہ ہوسکااورآج مجرم لیاقت علی اپنے کئے کی سزاپاگیا،جیل ذرائع سے معلوم ہواہے کہ لیاقت علی پھانسی سے پہلے ہشاش بشاش اندازمیں صلوة کاوردکرتے ہوئے جیل کے مسلح گارڈوں کے حصارمیں تختہ داپرپہنچااورتختہ دارپربھی بآوازبلندوردکرتارہااس موقع پرلاہورسے بلائے گئے جلادصابرمسیح نے مجرم کے چہرے پرکالانقاب ڈالااورلیورکھینچ دیا،پھانسی کے موقع پرجیلر،اسسٹنٹ جیلرڈیوٹی مجسٹریٹ اوردیگرحکام بھی موجودتھے ،جیل ذرائع نے بتایاہے کہ مجرم نے اپنی سات بہنوں کواتحادواتفاق کادرس دیتے ہوئے اچھی زندگی گزارنے اورمقدمہ بازی سے گریزکااپنی وصیت میں مشورہ دیاہے پھانسی کے وقت جیل کے باہرمجرم کے ورثاء ڈیڈباڈی وصول کرنے کیلئے پہلے سے موجودتھے پھانسی کے بعد جیل حکام نے ڈیڈباڈی ورثاء کے حوالے کردی جواسے اپنے آبائی علاقے میں لے گئے۔