امریکہ اور بھارت ،پاکستان کے دشمن بن چکے ہیں لیکن انکی ناراضگی کے باوجود سی پیک کے منصوبے جاری رہیں گے،بیرسٹر سلطان

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی اور بالخصوص سیئز فائر لائن کی خلاف ورزیوں سے خطرناک صورتحال درپیش ہو چکی ہے۔ چین پاکستان کا دیرینہ اور آزمودہ دوست ہے۔ وہ اس سلسلے میں انٹرنیشنل کمیونٹی سے کہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ کیونکہ جس تیزی سے سی پیک آگے بڑھ رہا ہے امریکہ اور بھارت ،پاکستان کے دشمن بن چکے ہیں لیکن انکی ناراضگی کے باوجود سی پیک کے منصوبے جاری رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیرمسٹر یائو جنگ(Yao Jing)  سے ایک تفصیلی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مظفر آباد تا سرائے عالمگیر موٹروے اور میرپور میں انٹرنیشنل انڈسٹریل زون قائم کرنے پرچین کا اس پر شکریہ ادا کیا اوردرخواست کی کہ آزاد کشمیر میں مخصوص حالات کی وجہ سے سی پیک پراجیکٹس ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چینی سفیر کو بتایا کہ میں اپنی وزارت عظمی کے دور میں میرپور میں انڈسٹریل زون دیا تھا جو وہاں پر کام کر رہا ہے۔ لیکن اب بڑے صنعتی زون سے آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی کی نئے دور کا آغاز ہو گا۔