برطانیہ میں پی ٹی آئی کو مضبوط کرنا ضروری ہے،بیرسٹر سلطان

لندن(نمائندہ کشمیر ٹوڈے)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کشمیر برطانیہ کی رکنیت سازی کی ابتداء کر دی ہے اور پارٹی عہدیداروں کے ہدایت کی ہے کہ دو ماہ کے اندر رکنیت سازی مکمل کرکے 10 مئی کو برطانیہ میں انٹراء پارٹی الیکشن کراکے برطانیہ کے تمام زونز اور شہروں کی تنظیمیں مکمل کی جائیں گی۔جس طرح ہم مقبوضہ کشمیر اور سئیز فائر لائن کے متاثرین سے اظہاریکجہتی کے لئے دنیا بھر میں کام کر رہے ہیں۔ اسی لئے میں یہاں آیا ہوں تاکہ جنیوا، لندن اور برسلز سے انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال کی جانب مبذول کراسکوں۔پاکستان میں انتخابات کی آمد آمدہے اور اس لئے یہاں برطانیہ میں پی ٹی آئی کشمیر کو مضبوط کرنا ضروی ہے اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی بلدیاتی انتخابات کا بگل کسی بھی وقت بج سکتا ہے۔ اسلئے ہم نے یہاں برطانیہ میں پی ٹی آئی کشمیر کی ممبر شپ مہم کا آغاز کیا ہے اور اسکے جتنے بھی فنڈز اکھٹے ہو نگے وہ پارٹی قائدعمران خان کو پاکستان کے انتخابات کے لئے دئیے جائیں گے اور یہ بنک اکائونٹس تمام پراسس شفاف بنانے کے لئے کھولے گئے ہیں اور ممبر شپ صرف اکائونٹ کے ذریعے ہی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لندن میں پی ٹی آئی کشمیر برطانیہ سائوتھ زون کے عہدیداران، پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برطانیہ میں ممبر شپ کا آغاز پی ٹی آئی کشمیر برطانیہ سائوتھ زون کے صدر چوہدری حکمداد سے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن چوہدری اللہ دتہ، چوہدری مہربان، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مشیر برائے کشمیر چوہدری فاروق، آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن فیض حمید فیضی، ہائی ویکمب کے صدر بیرسٹر ارمان عالم، یوتھ کے چوہدری شیراز ،شہزاداور دیگررہنماء بھی موجود تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیریوں کی بہت بڑی تعداد آباد ہے برطانیہ کے کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ لہذا یہاں پر پی ٹی آئی کشمیر کا مضبوط ہونا ازبس ضروری ہے۔7 اپریل کو مودی یہاں آرہا ہے اس پر برطانیہ میں مقیم کشمیری مودی کے خلاف مظاہرہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ یہاں پر مقیم کشمیری برطانوی پارلیمنٹ اور حکومت پر زور دیں کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔بعد ازاں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری لندن کے دو روزہ دورے کے بعد برمنگھم روانہ ہوگئے جہاں پر وہ مڈلینڈ میں ممبرشپ کا آغاز کریں گے اور جبکہ اگلے روز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری برسلز روانہ ہو جائیں گے۔ جہاں پر وہ یورپی پارلیمنٹ میں خطاب کے علاوہ یورپی پارلیمنٹ اور یورپی یونین میں ملاقاتیں کریں گے۔ جبکہ وہاں سے وہ جنیوا روانہ ہو جائیں گے جہاں پر وہ اقوام متحدہ کے کمشن برائے انسانی حقوق کے سامنے 22 مارچ کو مظاہرے کی قیادت کریں گے اور وہاں پر اعلی حکام سے ملاقاتیں کرکے انہیں کشمیر کی سنگین صورتحال پر آگاہی دیں گے۔