لبریشن فرنٹ کا ریاست بھر میں فاروق حیدر کے پتلے نذرآتش کرنیکا اعلان
میرپور(بیورورپورٹ)جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین عبدالحمیدبٹ نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی جانب سے نکیال میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے حوالے سے دیئے گئے ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آزاد کشمیر بھر و گلگت بلتستان میں راجہ فاروق حیدر کے پتلے جلانے اور احتجاج کی کال دیدی، اس موقع پر میر پور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالحمید بٹ نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر ایک مدہوش شخص ہے ، بحیثیت وزیراعظم جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام طبقات کی نمائندگی ان پر فرض ہے لیکن نشئی شخص کشمیری عوام کی ترجمانی کرنے کے قابل ہی نہیں، شہداء کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی طرف سے استعمال کی گئی لغو زبان کشمیری شہداء کے خون کی توہین کے مترادف ہے، ریاست جموں و کشمیر بشمول گلگت بلتستان ایک وحدت ہے جسے تقسیم کرنے کی ہر سازش قوم پرست مل کر ناکام بنائیں گی، عبدالحمید بٹ نے کہا کہ آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کا بیس کیمپ قرار دینے والوں کو وزیراعظم کے ریمارکس کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہر سطح پر اس کی مذمت کرنی چاہیے تاکہ کشمیری قوم کے تشخص کو نقصان پہنچانے والے اپنے انجام تک پہنچ سکیں، انہوں نے جماعتی کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے پتلے نذر آتش کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں تاکہ آئندہ کوئی شخص اقتدار کے نشہ میں شہدائے کشمیر کے مقدس لہو کی توہین کا سوچ بھی نہ سکے۔